حیدرآباد ۔ 2 ۔اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 66 اردو آفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں تعلیمی قابلیت کی شرائط میں ترمیم کی ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور نے آج جی او ایم ایس 20 جاری کیا۔ جی او کے مطابق دونوں جائیدادوں کیلئے پوسٹ گریجویٹ اور گریجویشن کی اردو میڈیم کے ساتھ تکمیل کرنے والے امیدوار بھی درخواست دینے کے اہل رہیں گے۔ سابقہ احکامات میں گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن میں اردو بحیثیت مضمون پڑھنے کی شرط رکھی گئی تھی۔ اردو داں طبقہ کی نمائندگی کے بعد دونوں زمرہ کی جائیدادوں کیلئے شرائط میں ترمیم کی گئی اور اب اردو میڈیم سے گریجویشن یا پوسٹ گریجویشن کی تکمیل کرنے والے امیدوار بھی اہل رہیں گے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ایسے امیدوار جو ایس ایس سی کے بعد فاصلاتی تعلیم کے ذریعہ راست گریجویشن کی تکمیل کرچکے ہیں، وہ بھی دونوں عہدوں کیلئے تقرر کے اہل ہوں گے۔ فاصلاتی تعلیم سے گریجویشن کرنے والے امیدوار انٹرمیڈیٹ کے بغیر ہی ایس ایس سی کے بعد راست طور پر گریجویشن کی تکمیل کرتے ہیں۔ دونوں ترمیمات سے اردو داں امیدواروں کو کافی سہولت ہوگی۔