اردو آفیسرس کے تقررات اندرون ایک ماہ مکمل

پرچوںکی جانچ کا عنقریب آغاز، جولائی سے تعیناتی: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے 66 اردو آفیسرس کے تقررات کا عمل اندرون ایک ماہ مکمل کرے گا اور امکان ہے کہ جولائی سے اردو آفیسرس اپنی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ اردو آفیسرس کے گریڈ I اور گریڈ II زمرہ کی جائیدادوں کیلئے امتحانات کل منعقد ہوئے تھے۔ جواہرلال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی نے امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا اور تمام پانچ مراکز کے پرچہ جات یونیورسٹی میں محفوظ کردیئے گئے ہیں۔ پولیس کی نگرانی میں امیدواروں کے جوابی پرچہ جات کو مہربند کرتے ہوئے یونیورسٹی منتقل کیا گیا۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پرچوں کی جانچ کا کام جلد شروع کیا جائے گا جس کیلئے یونیورسٹی نے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ اندرون ایک ماہ پرچوں کی جانچ اور انٹرویوز مکمل کرلئے جائیں گے اور تقرر کے احکامات حوالے کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ I کی 6 جائیدادوں کیلئے 978 امیدواروں کے منجملہ 792 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی ۔ 186 امیدوار غیر حاضر رہے۔ اس طرح گریڈ I کیلئے حاضری کا فیصد 81 رہا ۔ گوکا راجو رنگا راجو انسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں گریڈ I اور گریڈ II کا مرکز بنایا گیا تھا ۔ اسی مرکز میں گریڈ II کے 871 امیدوار الاٹ کئے گئے تھے جن میں سے 756 نے امتحان میں شرکت کی ۔ 115 امیدوار غیر حاضر رہے۔ ایم ایل آر انسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ میں 949 امیدواروں کے منجملہ 709 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا۔ 240 امیدوار غیر حاضر رہے۔ ملا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ میں 800 کے منجملہ 609 امیدواروں نے امتحان لکھا جبکہ 191 امیدوار غیر حاضر رہے۔ نظام کالج بشیر باغ میں 949 امیدواروں کو الاٹ کیا گیا تھا جن میں 745 نے امتحان میں شرکت کی اور 204 غیر حاضر رہے۔ پی این آر وگنان جیوتی انسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں 949 امیدواروں میں سے 677 نے شرکت کی اور 272 غیر حاضر رہے۔ گریڈ II کی 60 جائیدادوں کیلئے 4518 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھیں، ان میں 3416 نے امتحان میں شرکت کی اور 1022 غیر حاضر رہے ۔ گریڈ II میں 77 فیصد امیدواروں نے امتحان لکھا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ روسٹر سسٹم کے مطابق تقررات عمل میں آئیں گے اور اگر محفوظ نشستوں کیلئے امیدوار دستیاب نہ ہوں تو ان جائیدادوں کو عام زمرہ میں تبدیل کرتے ہوئے میرٹ لسٹ کے لحاظ سے تقررات عمل میں آئیں گے۔ امتحان کے بعد امیدواروں میں کافی اطمینان دیکھا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں زمروں کیلئے امتحانی پرچہ آسان بنایا گیا تھا ۔ اس طرح 60 نشستوں کیلئے مسابقت میں اضافہ ہوچکا ہے۔