23 اپریل آخری تاریخ ، اے کے خاں اور پروفیسر ایس اے شکور کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 2 ۔اپریل (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں 66 اردو آفیسرس کے تقرر کے سلسلہ میں آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آج سے آغاز ہوگیا۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں نے سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور کے ہمراہ درخواستوں کو آن لائین ادخال سے متعلق ویب سائیٹ کا آغاز کیا۔ پہلے ایک گھنٹہ میں 8 درخواست گزاروں نے اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے درخواستیں اپ لوڈ کردی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ 23 اپریل تک بڑی تعداد میں درخواستیں داخل کی جائیں گی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے کے خاں نے کہا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ محکمہ اقلیتی بہبود میں اردو آفیسرس کی 66 جائیدادوں کی منظوری دی ہے۔ ان میں 6 جائیدادیں گریڈ I اور 60 جائیدادیں گریڈ II کی ہیں۔ چیف منسٹر اور دیگر اہم دفاتر میں اردو آفیسرس کو مقرر کیا جائے گا جو اردو میں موصول ہونے والی درخواستوں کو انگریزی اور تلگو میں ترجمہ کے ساتھ پیش کریں گے ۔ تقررات سے متعلق اعلامیہ 28 مارچ کو جاری کیا گیا ہے جس کی تفصیلات خصوصی ویب سائیٹ www.tsua.in پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اسی ویب سائیٹ پر آن لائین درخواستیں داخل ہوں گی ۔ حکومت نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کو نوڈل ایجنسی کے طور پر مقرر کیا ہے جو جے این ٹی یو کے اشتراک سے تقرر کا عمل مکمل کرے گی ۔ اے کے خاں نے کہا کہ 23 اپریل تک درخواستیں آن لائین داخل کی جاسکتی ہیں جبکہ 20 مئی کو امتحان ہوگا۔ حیدرآباد امتحانی مرکز رہے گا، تاہم امیدواروں کی تعداد کے اعتبار سے مراکز کی تعداد طئے کی جائے گی ۔ گریڈ II اردو آفیسرس کی جائیدادوں کیلئے صبح 10 تا 1 بجے دن اور گریڈ I کیلئے دوپہر 2 تا شام 5 بجے امتحان رہے گا۔ امیدوار عام معلومات فون نمبر 23237810 جبکہ تکنیکی مسائل کی صورت میں 9346180688 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ اردو آفیسر گریڈ I کی امتحانی فیس 600 روپئے جبکہ گریڈ II کی 500 روپئے مقرر کی گئی ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، معذورین اور ایکس سرویس مین امتحانی فیس سے مستثنیٰ رہیں گے جبکہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ان طبقات کے امیدواروں کو فیس ادا کرنی ہوگی۔ ہال ٹکٹ امتحانی تاریخ سے 7 دن قبل ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ امیدواروں کی عمر 21 تا 44 سال کے درمیان ہونی چاہئے ۔ اے کے خاں نے کہا کہ حکومت نے اردو کو ریاست بھر میں دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے اور اردو اخبارات کے تراجم اور اردو درخواستوں میں آنے والے مسائل کو تلگو اور انگریزی میں حکومت کے پاس پیش کرنے کیلئے عہدیداروں کے تقررات کئے جارہے ہیں۔ یہ عہدیدار چیف منسٹر آفس کے علاوہ اسمبلی ، کونسل ، ریاستی وزراء ، چیف سکریٹری ، ضلع کلکٹرس جی اے ڈی ، ڈائرکٹر جنرل پولیس ، کمشنر پولیس اور دیگر دفاتر میں تعینات رہیں گے۔ اردو آفیسر گریڈ I کیلئے امیدوار کو پوسٹ گریجویشن یا گریجویشن میں اردو میڈیم یا پھر اردو بحیثیت ایک مضمون کی تکمیل کرنی ہوگی۔ ایس ایس سی میں تلگو سیکنڈ لینگویج کی حیثیت سے ہو۔ گریڈ II آفیسرس کے لئے گریجویشن اردو میڈیم میں یا پھر اردو ایک مضمون کے ساتھ ہونی چاہئے جبکہ ایس ایس سی میں تلگو سیکنڈ لینگویج کے طور پر ہو۔ گریڈ I آفیسر کی پے اسکیل 37100-91450 رہے گی جبکہ گریڈ II آفیسرس کی اسکیل 28940-78910 رہے گی۔