اردو آفیسرس مقدمہ کی سماعت 6 اگست تک ملتوی

حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائی کورٹ نے اردو آفیسرس کے تقررات سے متعلق مقدمہ کی سماعت کو 6 اگست تک ملتوی کردیا ہے۔ جسٹس نوین راؤ کے اجلاس پر آج سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے گریڈ II کے منتخب 60 عہدیداروں کو مقدمہ میں فریق بنانے کی درخواست کی اور کہا کہ تقررات میں سرویس رولس کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ سرکاری وکیل نے منتخب امیدواروں کو فریق بنائے جانے کی مخالفت کی اور کہا کہ اس سلسلہ میں حلفنامہ داخل کیا جائے گا۔ سرکاری وکیل نے حلفنامہ کیلئے عدالت سے وقت مانگا۔ تقررات کے اعلامیہ میں رول آف ریزرویشن کا تذکرہ نہ کرنے کے بارے میں فاضل جج کے سوال پر حکومت کے وکیل نے سپریم کورٹ کے رہنمایانہ خطوط کا حوالہ دیا اور کہا کہ ایسا کرنا ضروری نہیں ہے۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 6 اگست کو ہوگی جس میں فریقین کی جانب سے دلائل پیش کئے جائیں گے۔