حیدرآباد 4 جنوری (سیاست نیوز )وزیر اقلیتی بہبود محمد احمد اللہ نے آج شام کل ہند صنعتی نمائش میں اردو اکیڈیمی کے اسٹال کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ،سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور ، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ہاشم شریف ، منیجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن اوما شنکر ،جنرل منیجر اقلیتی فینانس کارپوریشن ولایت حسین کے علاوہ شعراء ،ادیب اور معززین موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اقلیتی بہبود نے اردو اکیڈیمی کے کیلنڈر کی رسم اجراء انجام دی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اقلیتی بہبود نے اردو اکیڈیمی کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ اکیڈیمی نے تمام اسکیمات پر عمل آوری تقریبا مکمل کرلی ہے اور دیگر اداروں کے مقابلے اردو اکیڈیمی کی کارکردگی شاندار رہی۔ انہوں نے اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے وہ سنجیدگی سے اقدامات کررہے ہیں ۔ احمد اللہ نے کہا کہ جاریہ مالیاتی سال حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے جو بجٹ مختص کیا ہے
اس کے مکمل قرض کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام اسکیمات پر عمل آوری کی کوشش کی جائے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اسٹال میں اردو اکیڈیمی کی جانب سے شائع شدہ تمام کتابیں فروخت کیلئے رکھی گئی ہے۔ اکیڈیمی مختلف شعراء اور ادیبوں کی نایاب خطوط کو بھی اسٹال کی زینت بنائے گی ۔ اردو اکیڈیمی کی جانب سے شائع کردہ کتب پر 20 فیصد جبکہ دیگر کتابوں پر 15 فیصد ڈسکاونٹ دیا جائے گا ۔ اسٹال پر تمام اقلیتی اداروں کی سرگرمیوں اور اسکیمات سے متعلق تفصیلات پر مشتمل بروچرس رکھے گئے ہیں ۔ اکیڈیمی کی جانب سے 2008 میں آخری مرتبہ نمائش میں اسٹال قائم کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر داؤد اشرف ،ڈاکٹر مصطفی کمال ، ڈاکٹر حبیب نثار اور دیگر اردو ادب کی نمائندہ شخصیتوں نے اسٹال کا معائنہ کیا اور اردو اکیڈیمی کی کارکردگی کی ستائش کی ۔