یروشلم ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے کہا ہیکہ اردن میں دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ ایک ماہ سے جاری سفارتی کشیدگی کے بعد وہ اپنا سفارتخانہ مرحلہ وار طور پر کھول رہا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ایمانیول ناہشن نے آج وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی سفارتخانہ کو مرحلہ وار طور پر کھولا جائے گا۔ تاہم عمان میں واقع سفارتخانہ کیلئے ہنوز کسی سفیر کی تقرری عمل میں نہیں آئی ہے۔ یاد رہیکہ گذشتہ موسم گرما میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں دو اردنی شہری ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کے بعد اسرائیلی سفیر فائرنگ میں ملوث گارڈ کے ساتھ اسرائیل واپس آ گئے تھے۔ گارڈ نے بتایا کہ اس نے اپنی حفاظت کیلئے فائرنگ کی تھی جس کے بعد اس گارڈ کا کسی ہیرو کی طرح استقبال کیا گیا جس نے اردن کو برہم کردیا۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تلخی پیدا ہوگئی تھی جبکہ 1994ء میں دونوں کے درمیان ایک امن معاہدہ پر دستخط بھی ہوئے تھے۔ بہرحال اسرائیل نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کیلئے معاوضہ کی پیشکش بھی کی تھی۔