کانگریس کبھی بی جے پی سے نہیں ملے گی ، کیا جماعتی قائدین ٹی آر ایس کے تعلق سے اطمینان دے سکتے ہیں ؟
آلیر انکاونٹر فراموش
اراضی جماعت کو ملی اور مسلمانوں کو کیا ملا ؟
ہر وقت کے شہنشاہ سے ہاتھ ملایا گیا اور مسلمانوں کو نظر انداز
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی عابد رسول خاں نے کہا کہ مجلس نے شہر کے مختلف مقامات پر کانگریس حکومت سے 20 ایکڑ اراضی طلب کی تھی ۔ نہ دینے پر کانگریس فرقہ پرست ہوگئی اور 5 ایکڑ اراضی دینے پر مجلس کے لیے ٹی آر ایس سیکولر بن گئی ۔ کانگریس کا 4 فیصد مسلم تحفظات مجلس کو یاد نہیں رہا مگر 12 فیصد مسلم تحفظات سے متعلق ٹی آر ایس کے وعدے کو نظر انداز کردیا گیا ۔ آلیر انکاونٹر کو فراموش کردیا گیا ۔ ٹی آر ایس کے 4 سالہ دور حکومت میں 12 مسلم لڑکیوں کی عصمت ریزی کی گئی اور ان کا قتل کردیا گیا ۔ کانگریس کبھی فرقہ پرست جماعت بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی ۔ کیا ٹی آر ایس کبھی بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی ؟ مجلس اس کی ضمانت دے سکتی ہے ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل ، اے آئی سی سی ریسرچ ڈپارٹمنٹ تلنگانہ یونٹ کے صدر عامر جاوید سکریٹری تلنگانہ پی سی سی ڈاکٹر ایتھررانی بھی موجود تھے ۔ عابد رسول خاں نے صدر مجلس اسد الدین اویسی کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے مسلمانوں کا سودا نہ کرنے اور نہ ہی مسلمانوں کو گمراہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ گذشتہ 4 سال سے سربراہ ٹی آر ایس کے سی آر بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں ۔ طلاق ثلاثہ کے مباحث میں ٹی آر ایس نے مسلمانوں کے مفادات اور شریعت میں مداخلت پر خاموش رہی ۔ تحریک عدم اعتماد میں غیر حاضر رہتے ہوئے بالواسطہ طور پر بی جے پی کی تائید کی ۔ صدر جمہوریہ ، نائب صدر جمہوریہ ، نائب صدر نشین راجیہ سبھا کے انتخابات میں بی جے پی اور این ڈی اے امیدواروں کی تائید نوٹ بندی اور جی ایس ٹی میں وزیراعظم نریندر مودی کے فیصلوں کی تائید کی ۔ آلیر میں ایک فرضی انکاونٹر میں مسلم نوجوانوں کو قتل کردیا گیا ۔ کنچن باغ پولیس فائرنگ ، مہدی پٹنم میں مصطفی کو ہلاک کرنے اور وٹولی سانحہ کی تحقیقاتی رپورٹ آج تک منظر عام پر نہیں لائی گئی ۔ پھر بھی مجلس کے نظروں میں ٹی آر ایس سیکولر ہوگئی ہے ۔ مکہ مسجد بم دھماکوں کے مقدمات میں تمام ملزمین کو باعزت بری کردیا گیا ۔ حکومت نے کوئی اپیل نہیں کی اور مجلس بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ کے سی آر نے اقتدار حاصل ہوتے ہی اندرون 4 ماہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ 4 سال گذر گئے پھر بھی مجلس خاموش ہے ۔ ریاست بھر میں کرسچن طبقات پر حملے کئے گئے کیا ان تمام واقعات کے باوجود ٹی آر ایس سیکولر ہے ۔ عابد رسول خاں نے کہا کہ وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ کانگریس کبھی فرقہ پرست بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی کیا اسد الدین اویسی یہ ضمانت دے سکتے ہیں کہ مستقبل میں ٹی آر ایس کبھی بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی ۔ انہوں نے مسلمانوں کو مجلس کے جھانسے میں نہ آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجلس اپنے ذاتی مفادات کے لیے مسلمانوں کو گمراہ کررہی ہے ۔ عابد رسول خاں نے پریس کانفرنس میں مجلس کے مکتوبات پیش کئے جو کانگریس حکومت سے رجوع کی گئی تھی ۔ عابد رسول خاں نے کہا کہ مجلس نے میڈیکل کالج کے لیے 5 ایکڑ اعتماد پریس کے لیے 5 ، ایکڑ ، اسکولس کے لیے 5 ایکڑ اراضی کے علاوہ دوسرے کاموں کے لیے مزید 5 تا 7 ایکڑ اراضی دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اور ساتھ ہی مہاویر ہاسپٹل مجلس کو لیز پر دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے اس کو مسترد کردیا ۔ اس وقت ان اراضیات کی مارکٹ قدر 700 کروڑ تھی جو آج 1000 کروڑ تک پہونچ جاتی تھی ۔ اگر مجلس کو یہ اراضیات دی جاتی تو اس کے لیے اثاثہ ثابت ہوتا تھا مگر مسلم قوم کو کچھ نہیں ملتا تھا ۔ اس لیے کانگریس نے مجلس کے مطالبات کو قبول نہیں کیا ۔ جس کے بعد مجلس نے کانگریس سے ناطہ توڑ لیا اور اس کی نظر میں کانگریس فرقہ پرست ہوگئی ۔ اسمبلی تحلیل کرنے سے قبل کابینہ کے اجلاس میں ٹیبل ایٹم کے طور پر مجلس کو 5 ایکڑ اراضی دی گئی ۔ جس کی وجہ سے مجلس کے لیے ٹی آر ایس سیکولر بن گئی اور سارے مسلمانوں سے ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کی اپیل کی جارہی ہے ۔۔