اراضی لیز جی او سے دستبرداری کیلئے اے پی حکومت سے مطالبہ

حیدرآباد۔ 17 مئی (آئی این این) کیپٹل فارمیشن پر جی او پر سخت اعتراض کرتے ہوئے جس میں ریاستی حکومت خانگی لوگوں کو 99 سال کے لئے اراضی لیز پر دے سکتی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے مطالبہ کیا کہ اسے فوری طور پر منسوخ کیا جائے کیونکہ حصول اراضی پالیسی ہی میں ایک خفیہ ایجنڈہ ہے۔ وائی ایس آر سی پی کے جنرل سیکریٹری دھرمنا پرساد راؤ نے آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ کسانوں سے زرخیز زمین حاصل کرکے خانگی پارٹیوں کو دی جائے گی جو اسے رہن رکھ کر قرض حاصل کرسکتے ہیں اور بہت زیادہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں اور 99 سال کی پسند کا اصول انتہائی قابل اعتراض ہے کیونکہ حکومت چار سال تک رہتی ہے جبکہ لیزکی مدت تین تا چار نسلوں تک ہوتی ہے۔ دہلی پریسیڈنس کے مطابق زیادہ سے زیادہ 30 سال کے لئے اراضی کو لیز پر دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر طویل مدت کے لئے اراضی کو لیز پر دینے کے طریقہ کار سے ابتر صورتِ حال پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس جی او سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے اور ریاست آندھرا پردیش کے دارالحکومت کے قیام کے مسئلہ پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے اقدامات کئے جائیں کیونکہ یہ ایک مستقل نوعیت کا مسئلہ ہے جبکہ تلگو دیشم پارٹی کی حکومت کی معیاد صرف چار سال تک ہے۔