اراضی سے محروم کسانوں کیلئے کانگریس قائد کی بھوک ہڑتال

پولیس نے جبراً ختم کردیا، ریونت ریڈی کی بھوک ہڑتالی قائد سے ہاسپٹل میں ملاقات
حیدرآباد ۔ 15۔ مئی (سیاست نیوز) ملنا ساگر آبپاشی پراجکٹس کے سلسلہ میں اراضی سے محروم افراد کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کرنے والے صدر ضلع کانگریس سدی پیٹ نرسا ریڈی کو پولیس نے جبراً ہاسپٹل منتقل کردیا۔ گجویل میں اپنی قیامگاہ کے روبرو غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا نرسی ریڈی نے آغاز کیا تھا ۔ پولیس نے آج بھوک ہڑتال کو جبراً ختم کرتے ہوئے انہیں ہاسپٹل منتقل کردیا۔ کانگریس قائدین نے شکایت کی ہے کہ پولیس نے نرسا ریڈی اور دیگر کانگریس قائدین کے ساتھ جارحانہ رویہ اختیار کیا۔ پولیس کی آمد اور جبری طور پر بھوک ہڑتالی قائدین کو کیمپ سے اٹھانے کی کوششوں کے درمیان کشیدگی دیکھی گئی ۔ پولیس اور کانگریس قائدین کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کے ظالمانہ رویہ کے سبب نرسا ریڈی اور ان کی دختر کے ہاتھ کو فریکچر آیا ۔ سکندرآباد میں یشودھا ہاسپٹل میں دونوں کو علاج کیلئے شریک کیا گیا ہے ۔ نرسا ریڈی نے اعلان کیا کہ وہ ہاسپٹل میں اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے ملنا ساگر پراجکٹ کیلئے اراضی سے محروم کئے گئے افراد سے اپیل کی کہ وہ خودکشی جیسا انتہائی قدم نہ اٹھائیں۔ کسانوں کو انصاف دلانے تک کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اسی دوران پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی اور دیگر قائدین نے ہاسپٹل پہنچ کر نرسا ریڈی سے ملاقات کی اور ان کے احتجاج سے اظہار یگانگت کیا۔