اراضی رجسٹریشن میں دھاندلیاں و بے قاعدگیاں ناقابل برداشت

راجندر نگر سب رجسٹرار آفس کا اچانک دورہ ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا سخت موقف
حیدرآباد ۔5۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ اراضی کے رجسٹریشن میں کسی قسم کی بے قاعدگیوں اور دھاندلیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ محمود علی نے آج راجندر نگر میں سب رجسٹرار آفس کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن میں شفافیت پیدا کرنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے لیکن بعض عہدیداروں نے بدعنوانیوں میں ملوث ہوتے ہوئے محکمہ کی بدنامی کا سامان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میاں پور میں اراضی کے رجسٹریشن میں بے قاعدگیوں کے علاوہ ریاست کے کسی بھی مقام پر رجسٹریشن میں بے قاعدگیوں کی شکایات نہیں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ این جی اوز کالونی میں غیر مجاز رجسٹریشن کی شکایات کی جانچ کی جائے گی ۔ انہوں نے راجندر نگر سب رجسٹرار آفس کی نئی عمارت کی تعمیر کا تیقن دیا۔ محمود علی نے آفس میں رجسٹریشن کے طریقہ کار اور مکمل طور پر قواعد کی پابندی کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کو نہیں بخشے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، محکمہ اسٹامپ و رجسٹریشن کی کارکردگی بہتر بنانے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور وقتاً فوقتاً محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔