اراضی تنازعہ ، بھتیجے نے چچا کا قتل کردیا

حیدرآباد /8 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ مائیلاردیوپلی میں ایک شحص نے اپنے چچا کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا ۔ ریاست بہار کے جہاں آباد ضلع کا اراضی تنازعہ شہر میں قتل کا سبب بن گیا ۔ انسپکٹر مائیلاردیوپلی مسٹر ایس وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ 35 سالہ شام یادو اپنے بھتیجہ رام گپتا یادو کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق آج برنداون کالونی میں واقع ان کے مکان میں چچا بھتیجہ کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ قبل ازیں مقتول کی قاتل کے باپ سے فون پر کافی تکرار ہوئی جس کے بعد قتل ہوا ۔ پولیس نے بتایا کہ جہاں آباد ضلع میں 2 ایکڑ اراضی کا خاندانی تنازعہ دونوں بھائیوں کے درمیان تھا اور یہ چاچا بھتیجہ دونوں گذشتہ چار سال سے یہاں ایک کمپنی میں مزدوری کر رہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ مفرور قاتل کی تلاش جاری ہے ۔