نئی دہلی ۔ 3 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) اراضی حصولیابی بل کا جائزہ لے رہی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو متنازعہ قانون سازی پر اپنی رپورٹ پیش کرنے کیلئے مزید 4 دن کی توسیع دی گئی ہے۔ کمیٹی نے حالیہ اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کیلئے دو دن یعنی 5 اگست تک توسیع دینے کی خواہش کی تھی لیکن سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے انتقال کے باعث دو دن تک پیانل کا اجلاس نہیں ہوسکا چنانچہ 7 اگست تک توسیع کی خواہش کی گئی۔ صدر نشین کمیٹی ایس ایس اہلوالیہ (بی جے پی) نے لوک سبھا میں توسیع کیلئے تحریک پیش کی جبکہ اس وقت ایوان میں للت مودی تنازعہ اور ویاپم اسکام جیسے موضوعات پر کانگریس ارکان نے ہنگامہ کھڑا کر رکھا تھا۔ ان حالات میں پیش کردہ تحریک کو پڑھ کر سنایا گیا اور اسے ندائی ووٹ سے منظور کرلیا گیا۔ اس سے پہلے کمیٹی کو 3 اگست تک رپورٹ پیش کرنے کی قطعی مہلت دی گئی تھی۔ لیکن پیانل میں شامل کئی اپوزیشن ارکان کا یہ احساس ہے کہ 7 اگست تک کی مہلت بھی کافی کم ہے اور کمیٹی کیلئے اپنا کام پورا کرنا مشکل ہوگا۔ وہ چاہتے ہیں کہ پیانل 9 اگست تک اپنا کام مکمل کرے اور 10 اگست کو اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے۔