اراضی الاٹمنٹ میں تلگو دیشم سی آئی ڈی تحقیقات کے لیے آمادگی ظاہر کرے

ٹی آر ایس ایم پی بی سمن اور رکن اسمبلی جوپلی کرشنا راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/25ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے تلگودیشم کو چیلنج کیا کہ 1995تا2014 حیدرآباد میں اراضیات کے الاٹمنٹ کے مسئلہ پر سی آئی ڈی تحقیقات کیلئے آمادگی کا اظہار کرے۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ بی سمن اور رکن اسمبلی جوپلی کرشنا راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کی ترقی کو متاثر کرنے کیلئے چندرا بابو نائیڈو سازش کررہے ہیں اور اپنے حواریوں کے ذریعہ حکومت کے خلاف الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1995تا2014 چندرا بابو نائیڈو، وائی ایس راج شیکھر ریڈی اور کرن کمار ریڈی نے جس طرح اراضیات الاٹ کی ہیں اُن کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جانی چاہیئے۔ ان قائدین نے کہا کہ اراضیات کے الاٹمنٹ کی سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کیلئے وہ حکومت سے نمائندگی کریں گے۔ سمن نے الزام عائد کیا کہ تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی دراصل چندرا بابو نائیڈو کے ایجنٹ کی طرح حیدرآباد کے برانڈ امیج کو متاثر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد میٹرو ریل کے بارے میں تلگودیشم کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اس پراجکٹ کو جس انداز میں قطعیت دی تھی اسی کے مطابق ٹی آر ایس حکومت پراجکٹ پر عمل کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے میٹرو ریل پراجکٹ کی روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ رکن پارلیمنٹ نے چندرا بابو نائیڈو پر بے قاعدگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دور حکومت بدعنوانیوں سے پُر رہا اور بی جے پی نے ان کے خلاف عوام میں چارج شیٹ پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کے آغاز کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ سے تحقیقات پر حکم التواء حاصل کرلیا تھا۔ اگر چندرا بابو نائیڈو صاف و شفاف کردار کے حامل ہوتے تو وہ یقیناً تحقیقات کا سامنا کرتے۔ ٹی آر ایس قائدین نے سوال کیا کہ چندرا بابو نائیڈو کے اثاثہ جات میں اچانک اضافہ کس طرح ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے تلنگانہ کی پسماندگی کے خاتمہ اور سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کی کوششوں کو دیکھ کر تلگودیشم برداشت نہیں کرپارہی ہے۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو بلیک میلنگ سیاست سے باز رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اگر ریونت ریڈی الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہیں تو کیا وہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفی اور سیاست سے کنارہ کشی کیلئے تیار ہوں گے؟۔ سمن نے کہا کہ 1999ء میں کمپوزر کی حیثیت سے کریئر کا آغاز کرنے والے ریونت ریڈی آج کس طرح کروڑوں کے اثاثہ جات کے مالک بن گئے۔ جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں وہ تلگودیشم قائدین اور ریونت ریڈی کی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کریں گے۔ کرشنا راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی نے جو الزامات عائد کئے ہیں انہیں ماہرین کے ذریعہ غلط ثابت کرنے ٹی آر ایس تیار ہے۔ انہوں نے میٹرو ریل اور دیگر مسائل پر ریونت ریڈی کو کھلے مباحث کا چیلنج کیا۔