اراضی آرڈیننس پر مباحث کی درخواست

راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات معطل کرنے کانگریس کی نوٹس
نئی دہلی ۔23 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حصول اراضیات آرڈیننس پر حکومت کے خلاف پارلیمنٹ میں نبرد آزما ہوتے ہوئے کانگریس نے کل راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات معطل کرنے کیلئے نوٹس دی ہے تاکہ اس متنازعہ آرڈیننس پر مباحث ہوسکیں۔ ایوان بالا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے قاعدہ 267 کے تحت نوٹس دیتے ہوئے وقفہ سوالات کو معطل کرنے اور آرڈیننس پر مباحث کی خواہش کی ۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی اس معاملے میں خاموش نہیں رہ سکتی اور حکومت کے اس اقدام کی شدید مخالفت کی جائے گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ کانگریس نے اس مسئلہ پر بائیں بازو ، ترنمول کانگریس ، سماج وادی پارٹی اور جنتادل یو سے بھی تبادلۂ خیال کیا ہے تاکہ حکومت پر اجتماعی دباؤ بنایا جاسکے ۔ آنند شرما نے کہا کہ یہ ایک مخالف کسان فیصلہ ہے اور اس مسئلہ پر قومی اتفاق رائے کو نقصان پہونچایا جارہا ہے ۔ حکومت کے ارادے نیک نہیں اور اُسے جوابدہ بنانا ضروری ہے ۔ یہ کسانوں کے مفادات کے خلاف ہے اور انھیں کئی فوائد سے محروم کیا گیا ہے ۔ انھوں نے حکومت کے طرز عمل پر بھی تنقید کی جس نے آرڈیننس کا راستہ اختیار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسے وقت جب کہ ملک میں زرعی شعبہ پریشان ہے حکومت نے کسانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کا قدم اُٹھایا ہے ۔ اے آئی سی سی اجلاس کے بعد کانگریس ترجمان ابھشیک سنگھوی نے کہا کہ پارٹی اراضی آرڈیننس کی واضح طورپر مخالفت کرے گی ۔