اراضیات قانون کے خلاف جدوجہد جاری رہیگی 19 اپریل کی ریلی میں راہول گاندھی شریک ہونگے : جئے رام رمیش

لکھنو 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے اس ادعا کو مسترد کردیا کہ سابقہ یو پی اے حکومت نے حصول اراضیات قانون میں 13 اہم قوانین کو حذف کردیا تھا اور این ڈی اے حکومت ترامیم میں ان کو شامل کر رہی ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ حصول اراضیات بل کے خلاف جدوجہد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جدوجہد جاری رہے گی ۔ کانگریس لیڈر و سابق وزیر شہری ترقیات جئے رام رمیش نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے 13 اہم قوانین کو ترامیم کے ذریعہ شامل کرنے کی جو بات کہی ہے وہ صد فیصد غلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کوئی نئی بات نہیں کی ہے اور جو قانون پارلیمنٹ میں منظور کیا گیا ہے اسی کو دہرایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ایک حکمت عملی ہے کہ آپ ایک جھوٹ کو مسلسل دہراتے جائیں تو یہ امکان رہتا ہے کہ کسی دن اس کو سچ تسلیم کرلیا جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 2013 میں یو پی اے حکومت نے حصول اراضیات سے متعلق جو قانون منظور کیا تھا اسی پر عمل کیا جانا چاہئے ۔ جائے رام رمیش نے یہ واضح کردیا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی 19 اپریل کو اس قانون کے خلاف دہلی میں منعقد ہونے والی ریلی میں شرکت کرینگے ۔ راہول گاندھی فی الحال تعطیلات گذار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ عارضی نہیں ہے اور راہول گاندھی جب تعطیلات سے واپس ہوجائیں گے تو وہ بھی یہ مسئلہ اٹھائیں گے ۔