اذان پری پرائمری اسکول بند کردینے ڈی ای او کے احکام

حیدرآباد یکم / اکٹوبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے ٹولی چوکی اذان پری پرائمری اسکول کو بند کردینے کے آج احکامات جاری کئے ۔ ڈی ای او شریمتی بی وینکٹا نرسمہا کے مطابق اذان جمس اسکول ٹولی چوکی کو قوانین کے خلاف ورزی اور طلباء کی سلامتی کو یقینی بنانے میں ناکامی کے پیش نظر پری پرائمری اسکول کو فی الفور بند کردینے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ پری پرائمری کے طلبا کے کلاسیس کو گراؤنڈ فلور میں چلائے جانے کی بجائے تیسری منزل میں چلایا جارہا تھا ۔ واضح رہے کہ 14 ستمبر کو اذان اسکول کے سنیٹری سپروائزر محمد جیلانی نے ساڑھے چار سالہ کمسن طالبہ کی مبینہ طور پر عصمت ریزی کی تھی جس کے نتیجہ میں اسے پولیس نے گرفتار کیا تھا ۔ والدین کی جانب سے انتظامیہ کے خلاف شکایت پر محکمہ تعلیم نے اس کیس کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا اور ڈی ای او حیدرآباد نے سابق میں اسکول انتظامیہ کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی تھی ۔ اسکول انتظامیہ اس نوٹس کا اطمینان بخش جواب دینے میں ناکام رہا جس کے نتیجہ میں اسکول کو بند کردینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔