حیدرآباد ۔ 27 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کا عملی نمونہ پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ نے اذان کے دوران اپنی تقریر کو روک دیا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ آج سٹی سیول کورٹ پرانی حویلی میں ایک تقریب میں شریک تھے ۔ اور جیسے ہی انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز کیا ۔ مغرب کی اذان شروع ہوگئی ۔ اذان کی آواز کو سننے کے بعد خود چیف منسٹر نے یہ کہتے ہوئے کہ ’ اذان ہورہی ہے ‘ ۔ اپنی تقریر کو روک دیا اور خاموش بیٹھ گئے ۔ اذاں کے اختتام کے بعد دوبارہ اپنی تقریر کو شروع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اذان کے دوران احترام کرنا تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کا حصہ ہے ، اور ایسا کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر کی جانب سے اذان کے اس احترام میں اپنی تقریر روکنا مسلم وکلاء میں مسرت کا باعث بنا رہا۔ تقریب میں شریک وکلاء کی اکثریت نے چیف منسٹر کے اس اقدام کی ستائش کی اور کہا کہ جو ہر طبقہ اور مذہب کے اصولوں سے واقف ہے اور احترام کرنا جانتا ہے ایسے قائد ہی سے نیک توقعات وابستہ رکھی جاسکتی ہیں ۔۔