دونوں لیڈروں نے دوستی کا پودا لگایا
ممبئی، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کے تئیں جذبۂ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس نے کہا ہے کہ دوستی ایک پودا (شجر) لگایا گیا ہے جوکہ مستقبل قریب میں ایک تناور درخت بن جائے گا۔ یہ پودا دونوں لیڈروں نے آج یہاں شجرکاری مہم کے دوران لگایا ہے۔ اس موقع پر جواب دیتے ہوئے ٹھاکرے نے کہاکہ جب بھی ہماری ضرورت ہوگی میں ہمیشہ شانہ بہ شانہ رہوں گا۔ بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان جاریہ تیز و تلخ تنقیدوں کے دوران دونوں لیڈروں نے کل ماہیم نیچر پارک میں ایک پودا لگاکر خوش اخلاقی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر فڈنویس نے کہاکہ ٹھاکرے کے ہاتھوں لگائے گئے پودے کیلئے انھوں نے زمین اور پانی فراہم کیا ہے جس کے باعث عوام کو صحیح پیام جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ ہم دونوں نے جو دوستی کا پودا لگایا ہے مستقبل میں ایک بنیاں کا درخت بن کر اُبھرے گا۔ تاہم ادھو ٹھاکرے نے نشاندہی کی ہے کہ عالمی سطح پر درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے، سمندر کی سطح میں اضافہ سے جو شہر غرقاب ہونے والے ہیں ان میں ممبئی بھی شامل ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ شجرکاری مہم میں سیاسی کھیل کھیلنے نہیں آئے ہیں بلکہ فضائی آلودگی کے مسئلہ پر عوام کی توجہ مبذول کروانے کیلئے آئے ہیں اور جہاں کہیں بھی میری ضرورت ہوگی میں وہاں دست تعاون دراز کرنے کیلئے تیار رہوں گا۔