ادھو ٹھاکرے نے فڈنویس کا آڈیو کلپ جاری کیا

انتخابی کامیابی کیلئے عام ذرائع استعمال کرنے بی جے پی ورکرس کو مشورہ ؟
ممبئی۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پال گھر حلقہ لوک سبھا کے ضمنی چناؤ کے سلسلے میں شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کا آڈیو جاری کیا جس میں بظاہر بی جے پی ورکرس سے کامیابی کیلئے تمام ممکنہ ذرائع کو استعمال کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ ٹھاکرے نے کل رات پال گھر میں ایک ریالی سے خطاب کے دوران یہ آڈیو کلپ جاری کیا۔ بی جے پی نے الزام عائد کیا کہ سینا نے آڈیو کلپ میں تحریف کیا ہے اور وہ جلد ہی اس کا مکمل ورژن جاری کرے گی۔ اس پارٹی نے کہا کہ وہ ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کے بارے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کرے گی۔ اس آڈیو میں فڈنویس کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ پال گھر میں ہمارے وجود کو کوئی چیلنج کررہا ہے اور ہمارے ساتھ اعتماد شکنی کی اور ہماری پیٹھ میں خنجر مارا جبکہ وہ خود کو ہمارا حلیف کہتا ہے۔ ہم اب خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ہم ایک بڑا حملہ شروع کریں گے اور انہیں دکھائیں گے کہ بی جے پی کیا ہے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ ’’اگر ہم یہ چناؤ جیتنا چاہتے ہیں تو پھر ہم کو اسی انداز میں جواب دینا ہوگا۔ اسی انداز کا جواب دیں۔ میں آپ کا ساتھ دوں گا‘‘۔ اس آڈیو کو جاری کرنے کے بعد ٹھاکرے نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ فڈنویس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن نے بھی اس کلپ کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔ شیوسینا ایم پی سنجے راوت نے کہا کہ کسی چیف منسٹر کو اپنے مخالف کیلئے اس طرح کی زبان کا استعمال کرنا زیب نہیں دیتا۔ صدر مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی اشوک چوہان نے اس آڈیو کلپ پر فڈنویس سے وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو اس آڈیو کلپ کے بارے میں وضاحت کرنا چاہئے، ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ اس معاملے کی الیکشن کمیشن کی جانب سے تحقیقات کروائی جائیں۔ چوہان نے ٹوئٹ میں کہا کہ اگر یہ آڈیو کلپ صحیح ہے تو چیف منسٹر کو فوری استعفیٰ دینا چاہئے اور اگر یہ نقلی ہے تو فڈنویس کو ادھو ٹھاکرے کے خلاف کارروائی کرنا چاہئے۔