گورکھپور۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) رام مندر کی تعمیر اترپردیش اسمبلی چنائو کے لیے بی جے پی کے منشور کا بھلے ہی حصہ نہیں ہے لیکن یوگی ادتیہ ناتھ نے واضح کردیا ہے کہ لکھنو میں زعفرانی حکومت قائم کرنے پر اس کے لیے راہ ہموار کی جائے گی۔ پانچویں میعاد والے لوک سبھا رکن پارٹی کے ہندوتوا کا لبادہ اوڑھے ترقیاتی ایجنڈے کی علامت ہے جبکہ بی جے پی اس ریاست میں آخری دو مرحلوں کے انتخابات میں 89 نشستوں میں سے زیادہ سے زیادہ جیت کر اقتدار پر قبضہ کرنے کی اپنی کوشش کو قطعی جہت دے رہی ہے۔ پارٹی نے 2012ء میں ان نشستوں میں سے صرف 11 جیتے تھے۔ یکے بعد دیگر انتخابی جلسوں میں یوگی نے سماجوادی پارٹی کی مسلم خوشامدی پر تنقید کی ہے۔