ادتیہ ناتھ نے سردار پٹیل کا مجسمہ دیکھا

کیواڈیا (گجرات)، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ نے جمعہ کو ’مجسمہ اتحاد‘ کا معائنہ کیا، جو ضلع نرمدا میں یہاں سردار سروور ڈیم سے قریب سردار ولبھ بھائی پٹیل کا 182 میٹر طویل مجسمہ ہے۔ یہ بھاری بھرکم ڈھانچہ جسے دنیا کا سب سے اونچا مجسمہ بتایا گیا ہے، اس کا افتتاح وزیراعظم نریندر مودی نے 31 اکٹوبر کو کیا جو سردار پٹیل کا 143 واں یوم پیدائش رہا۔ ادتیہ ناتھ نے اس مقام کے اپنے ٹور میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے بارے میں سوال کا جواب دینے سے انکار کیا۔ چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی مجسمہ اور اطراف کی کئی پُرکشش چیزوں کے مشاہدے کے موقع پر ادتیہ ناتھ کے ہمراہ تھے، جن میں 17 کیلومیٹر طویل وادیٔ گل اور سیاحوں کے قیام کیلئے ٹینٹ سٹی شامل ہیں۔