اداکار شاہد کپور کے مکان میں مچھروں کی افزائش

بلدیہ کی ٹیم کے معائنہ کے بعد نوٹس کی اجرائی
ممبئی۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برہین ممبئی میونسپل کارپوریشن نے آج فلمی اداکار شاہد کپور کو نوٹس جاری کی ہے جبکہ بلدیہ کی معائنہ کار ٹیم نے ان کے مکان کا دورہ کرنے پر دیکھا کہ احاطہ میں مچھروں کی افزائش ہورہی ہے۔ ایک سینئر میونسپل آفیسر نے بتایا کہ انسپکشن ٹیم نے شہر میں مکانات اور باغات کا معائنہ کرتے ہوئے جب جوہو تارا روڈ پر واقع اداکار کے مکان پہنچی تو داخلے سے روک دیا گیا جس کے بعد بلدیہ کی ٹیم پولیس کی اعانت سے مکان کے احاطہ میں داخل ہوگئی جہاں پر خانگی سوئمنگ پول کا معائنہ کرنے پر خطرناک مچھر پائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مچھروں کی افزائش کی روک تھام کیلئے اقدامات نہ کرنے پر فلمی اداکار کو نوٹس جاری کی گئی، تاہم اداکار نے مچھروں کا پتہ چلانے پر بی ایم سی سے اظہار تشکر کیا۔ علاوہ ازیں بی ایم سی ٹیم نے اس عمارت کی چوتھی منزل پر مچھروں کی افزائش کا پتہ چلایا اور مالک مکان میرا پاٹل کو بھی نوٹس جاری کردی۔ بتایا جاتا ہے کہ فلمی اداکارہ ودیا بالن بھی اس عمارت میں قیام پذیر ہے اور مشتبہ ڈینگو سے متاثر ہے لیکن بلدی حکام نے بالن کی علالت پر تبصرہ سے انکار کردیا۔ حالیہ دنوں میں مسلسل بارش سے شہر ممبئی کے متعدد مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے جہاں پر خطرناک مچھر ایڈیس (Aedes) کی افزائش ہورہی ہے۔ گزشتہ سال بھی فلم اداکاروں انیل کپور، جوہی چاؤلہ اور گلوکار امیت کشور کو مچھروں کی افزائش کو نظرانداز کرنے پر نوٹس جاری کی گئی تھی۔برہین ممبئی کارپوریشن (بی ایم سی) کے شعبہ صحت کے بموجب ڈینگو کے 122 مریضوں کا مختلف ہاسپٹلوں میں علاج کیا جارہا ہے۔