اداکار دلیپ تاہل حالت نشہ میں ڈرائیونگ کے الزام میں گرفتار

ممبئی۔25۔ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) معروف دلیپ تاہل کو اتوار کی شب شراب کے نشہ میں کار چلانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے اور نشے میں انہوں نے کار کو ایک آٹو رکشہ کو ٹکرماردی اور اس کے سوار زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقہ کھار میں اتوارکی شب 9بجے انہوں نے نشے میں کار چلاتے ہوئے ایک آٹو رکشہ کو ٹکر ماردی جس میں دومسافر جینتا گاندھی اور گوروچگ سوار تھے اور دونوں زخمی ہوگئے جبکہ دلیپ تاہل وہاں ٹہرے بغیر سانتاکروز کی سمت میں فرار ہوگئے ۔گنیش اتسو کے مدنظر مورتیاں وسرجن کے لیے کافی بھیڑ تھی ،اس لیے دونوں شکایت کنندگان نے دلیپ تاہل کو کچھ فاصلہ پر جادبوچا۔پولیس نے کہا کہ دونوں نے ٹریفک میں پھنسی کار کے ڈرائیور کو نیچے اترنے کے لیے کہا ،تب انہیں پتہ چلا کہ وہ اداکار دلیپ تاہل خود ہیں۔اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے اداکار نے ان سے تکرار شروع کردی اور اس درمیان دونوں نے پولیس کو کال کردیا اور کھار پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر اداکار کو گرفتار کرلیا۔