ممبئی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ ایکٹر اندر کمار جو سلمان خان کے ساتھ فلم وانٹیڈ میں دکھائی دیئے تھے، آج یہاں قلب پر شدید حملے کے سبب اُن کا انتقال ہوگیا۔ فیملی کے ذرائع کے مطابق 43 سالہ اداکار رات 12.30 بجے قلب پر حملے کا شکار ہوئے جبکہ وہ اندھیری میں اپنی قیامگاہ پر تھے۔ اُن کی آخری رسومات آج ہی ادا کی جارہی ہیں۔ اندر نے کئی فلموں میں کام کیا اور سلمان کے ساتھ ’’کہیں پیار نہ ہوجائے‘‘ ، ’’تم کو نہ بھول پائیں گے‘‘ میں بھی نظر آئے تھے۔ اُنھوں نے ایکتا کپور کے مشہور ٹی وی سیرئیل ’’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی ‘‘ میں مہیر ویرانی کا رول مختصر عرصہ کے لئے نبھایا تھا۔ وہ اداکارہ روینہ ٹنڈن کے ساتھ بھی 1996 ء کی فلم کھلاڑیوں کا کھلاڑی میں کام کئے تھے۔ روینہ نے انتقال کی خبر سن کر افسوس ظاہر کیا اور غمزدہ خاندان کو پرسہ دیا۔