اداکارہ جیہ خان کی موت کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد

ممبئی 3 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بمبئی ہائیکورٹ نے آج اداکارہ جیہ خان کی موت کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کردی ہیں۔ ایک قبل اداکارہ کی موت ہوئی تھی اور پولیس کا کہنا تھا کہ یہ خود کشی تھی ۔ 3 جون کو جوہو کے اپنے گھر میں جیہ خان سیلنگ فین سے لٹکتی ہوئی پائی گئی تھی ۔ جسٹس وی ایم کناڈے اور جسٹس پی ڈی کوڈے پر مشتمل ایک بنچ نے کہا کہ عدالت چاہتی ہے کہ اس کیس میں حقائق سامنے آئیں اس لئے اب اس کیس کی تحقیقات ممبئی پولیس کی ایس آئی ٹی کی بجائے سی بی آئی کے سپرد کی جاتی ہیں۔ جیہ خان کی والدہ رابعہ خان کی درخواست پر عدالت نے یہ احکام جاری کئے ۔ رابعہ نے پولیس کی تحقیقات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی لڑکی نے خود کشی نہیں کی ہے بلکہ یہ قتل کا معاملہ ہے ۔

پٹاخہ کے غیر قانونی کارخانہ میں دھماکہ ، 2 ہلاک
سیواکاشی ( ٹاملناڈو ) ۔ 3 ۔ جولائی : (سیاست ڈاٹ کام ) : تین مکانات بشمول ایک ایسا مکان جہاں غیر قانونی طور پر پٹاخہ سازی کی جاتی تھی ، کے دھماکے سے منہدم ہونے سے دو افراد ہلاک ہوگئے جب کہ ملبہ میں مزید دو افراد کے پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے ۔ دھماکے سے ایک مکان کی چھت منہدم ہوگئی جس سے پڑوس میں واقع دیگر دو مکانات کو بھی نقصان پہنچا ۔ دریں اثناء پولیس نے بتایا کہ مکان مالک موروگن غیر قانونی طور پر مکان میں پٹاخہ سازی کا کارخانہ چلا رہا تھا ۔ پٹاخہ سازی کے دوران ہی دھماکہ ہوا جس کے بعد مکان شعلہ پوش ہوگیا ۔

تین نوجوانوں کی نعشیں ملنے پر سنسنی
پٹنہ۔/3جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) پٹنہ ڈسٹرکٹ کے ایک موضع سے تین نوجوانوں کی نعشیں دستیاب ہوئیں جن کے جسم پر بندوق کی گولیوں کے نشان پائے گئے۔پولیس نے بتایا کہ موضع رام نگر ڈیرہ کے عوام نے نعشوں کو پڑا ہوا دیکھا اور قریب میں واقع پولیس پوسٹ کو مطلع کیا۔ مہلوک نوجوانوں کی عمریں 20تا30 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔