حیدرآباد۔19جون(سیاست نیوز) ڈیجیٹل دنیا میں تیزی سے آرہی انقلابی تبدیلیوں میں ادارہ ٔ سیاست کی جانب سے مکمل خاندانی تفریح‘ نظام حیات سے متعلق اسلامی تعلیمات اور بچوں کی تربیت کے پروگرامس کے ساتھ ڈیجیٹل ٹیلی ویژن کا آغاز عمل میں لایا جاچکا ہے۔ڈیجیٹل اور موبائیل فون ایپلیکیشن کے ذریعہ وقت گذاری اور دنیا بھر کی معلومات اکٹھا کرنے کے علاوہ دنیا کے مختلف گوشوںسے رابطہ میں رہنے اور تہذیب و تمدن کا مشاہدہ کرنے کے شوق نے عوام کو انٹرنیٹ کی دنیا سے مربوط کر رکھا ہے اور انٹرنیٹ کی دنیا سے مربوط افراد اس کے صحیح استعمال کے ذریعہ ترقی کی منازل طئے کر رہے ہیں اور انٹرنیٹ پر موجود فحش مواد نادانستہ طور پر نوجوانوں کومغلظات میں مبتلاء کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ ادارۂ سیاست نے ان تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد موبائیل ایپ کے ذریعہ سیاست ٹی وی کی شروعات کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس موبائیل ایپلیکیشن کے ذریعہ انٹرنیٹ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے ناظرین تک ایسا مواد فراہم کیا جائے جو کہ ناظرین کی تفریح کا سامان بن سکے۔ سیاست ٹی وی جو کہ فی الحال گوگل ایپلیکیشن پر موجود ہے اسے ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے ناظرین اور اپنے موبائیل فون پر سیاست ٹی وی کے پروگرامس کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر سیاست ٹی وی پر مذہبی‘ تفریحی ‘ بچوں کی تربیت اور اس سے متعلق پروگرامس پیش کئے جائیں گے اور بہت جلد سیاست ٹی وی پر عصر حاضر‘ سیاسیات ‘ خبریں اور دیگر پروگرامس کی بھی شروعات عمل میں لائی جائے گی۔ادارۂ سیاست کی جانب سے موبائیل ایپلیکیشن سے مربوط ٹی وی چیانل کی شروعات کا مقصد اپنے قارئین کو ڈیجیٹل دنیا کے ذریعہ حالات سے ہم آہنگ رکھنا اور انہیں دنیا بھر کی خبروں سے باخبر رکھنا ہے۔