ادارہ سیاست کی ملی، تعلیمی، سماجی اور طبی خدمات کو خراج تحسین

صفدریہ اسکول میں ادارہ سیاست و ایم ڈی ایف کا میگا ہیلت کیمپ، جناب عامر علی خاں کا دورہ، کرنل یوسف علی مرزا و دیگر کا خطاب

حیدرآباد 16 مارچ (دکن نیوز) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے آج صفدریہ گرلز ہائی اسکول ہمایوں نگر مہدی پٹنم میں مفت میگا میڈیکل کیمپ کا معائنہ کیا۔ ادارہ سیاست و میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے منعقدہ اس کیمپ سے 1500 سے زائد مرد و خواتین اور بچوں نے استفادہ کیا۔ جناب عامر علی خان نے شخصی طور پر ہر شعبہ میں پہنچ کر ڈاکٹر و مریضوں سے تبادلہ خیال کیا۔ کئی غریب مریضوں نے اُنھیں بتایا کہ معاشی مشکلات کے باعث اُن کے لئے مختلف طبی ٹسٹ اور ان کا علاج و معالجہ کرنا ناممکنات میں ہے۔ جناب عامر علی خان نے تیقن دیا کہ سیاست و ایم ڈی ایف کی جانب سے اس طرح کے میڈیکل کیمپس غریب و پسماندہ بستیوں میں منعقد کئے جائیں گے۔ ایک غریب خاتون نے جناب عامر علی خان کو بتایا کہ اُن کے لڑکے کے دل میں سوراخ ہوگیا ہے اور لڑکی کو ڈاکٹروں نے فزیوتھراپی کرنے کا مشورہ دیا لیکن وہ اس قابل نہیں کہ ان دونوں کے طبی اخراجات کو برداشت کرسکے جس پر جناب عامر علی خان نے خاتون کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے آمادگی ظاہر کی۔ نیوز ایڈیٹر سیاست نے ایم ڈی ایف کے عہدیداروں و کارکنوں کو میڈیکل کیمپ کے شاندار انتظامات پر مبارکباد دی۔ میگا میڈیکل کیمپ کا افتتاح نامور ماہر تعلیم کرنل یوسف علی مرزا ٹرسٹی و سکریٹری صفدریہ ہائی اسکول ہمایوں نگر (مہدی پٹنم) نے انجام دیا۔ اُنھوں نے اس موقع پر منعقدہ جلسہ شعور بیداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں صحت و تندرستی سب سے بڑی نعمت ہے جس کا تحفظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے ادارہ سیاست کی نمایاں ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کی تعلیمی، سماجی اور طبی خدمات میں جناب زاہد علی خان اور جناب ظہیرالدین علی خان نے تاریخ ساز رول ادا کیا ہے۔

کرنل یوسف علی مرزا نے کہاکہ صفدریہ گرلز ہائی اسکول نے ہمیشہ سے فلاحی سرگرمیوں میں اپنا دست تعاون دراز کیا۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کہاکہ ایم ڈی ایف کی جانب سے اب تک 36 میڈیکل کیمپس منعقد کئے جاچکے ہیں جن سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے استفادہ کیا۔ اُنھوں نے کیر ہاسپٹل کے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے اس کیمپ میں بھرپور تعاون کیا ہے۔ پہلی مرتبہ یوگا کے مظاہروں کے اہتمام پر لوگوں نے ستائش کرتے ہوئے علیحدہ یوگا کیمپ منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جناب ابراہیم جیلانی اور اُن کی اہلیہ نے جسمانی صحت کی برقراری کے لئے مختلف ورزشوں کے عملی مظاہرے کئے۔ ڈاکٹر ایس اے مجید صدر میڈیکل اینڈ ہیلت کمیٹی نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ عصر حاضر میں طرز زندگی کے بدل جانے سے لوگ مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیں جس کا سدباب ضروری ہے۔ ڈاکٹر ایم اے شکور کارڈیالوجسٹ کیر ہاسپٹل نے کہاکہ امراض سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بے حد ضروری ہے۔ اُنھوں نے ادارہ سیاست و ایم ڈی ایف کی عوامی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ ڈاکٹر ونئے شیلا پرنسپل صفدریہ گرلز ہائی اسکول نے کہاکہ بندگان خدا کی خدمت ہی سب سے بڑی عبادت ہے۔ اُنھوں نے ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل اسٹاف سے اظہار تشکر کیا۔ اسکول کی طالبہ قاریہ عظمیٰ صدیقہ کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز سیدہ خضریٰ اور اُن کے ساتھیوں نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں نعت شریف پیش کی۔

اس جلسہ میں جناب قادر علی خان سابق منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن، ڈاکٹر سید غوث الدین سابق مشیریونانی، پروفیسر میر تراب علی، محترمہ تمیزالنساء، سید اصغر حسین، عارف حسین، صالح بن عبداللہ باجابر، محمد بن خلیفہ وائی ایس آر کانگریس و دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد ایوب حیدری، جناب ایم اے قدیر، مسرس محمد خواجہ معین الدین، سید ناظم الدین، محمد شاہد
حسین، ضیاء الرشید، احمد صدیقی مکیش آرگنائزنگ سکریٹری، ستار احمد بیگ ایڈوکیٹ، محمد نصراللہ خان پبلسٹی سکریٹری، ریحانہ نواز، کوثر جہاں، محمد عبدالصمد خان، امتیاز ترنم، سیما بیگم اور ایم ڈی ایف و صفدریہ ہائی اسکول کے اسٹاف و کارکنوں نے انتظامات کی نگرانی کی اور کیمپ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں تعاون و اشتراک کیا۔ اس مفت میگا میڈیکل کیمپ کو ایم ڈی ایف شعبہ خواتین کی سکریٹری ڈاکٹر فرحت انور کے نام معنون کیا گیا تھا۔ اس سلسلہ میں جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف میں اپنی تقریر میں مرحومہ کی نمایاں سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر شکور کارڈیالوجسٹ کیر ہاسپٹل، ڈاکٹر سنتوش، ڈاکٹر ثمینہ ، ڈاکٹر فیصل، ڈاکٹر آسیہ ایوب، ڈاکٹر اُم سلمیٰ، ڈاکٹر خلیل، ڈاکٹر عائشہ، ڈاکٹر کوثر بیگم اور ڈاکٹر ایس اے مجید کے علاوہ دیگر ڈاکٹرس نے مریضوں کی تشخیص کی۔ سیاست و ایم ڈی ایف کی جانب سے مریضوں کو مفت دوائیں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ای سی جی، بلڈ ٹسٹ، اور D2 Eco Test کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر ہیمنت منیجر کیر ہاسپٹل نے ڈاکٹرس کی ٹیم کی نگرانی کی۔ 3 بجے دن کیمپ کا اختتام عمل میں آیا۔