ادارہ سیاست کی فن خطاطی کی نمائش قابل ستائش و ناقابل فراموش

پروفیسر معین انصاری اور سرکردہ شخصیتوں کا مشاہدہ، جناب زاہد علی خاں کو خراج تحسین کی پیشکش
حیدرآباد ۔ 22 جون (سیاست نیوز) ادارہ سیاست کے زیراہتمام محبوب حسین جگر ہال میں اسلامی فن خطاطی کی نمائش کا مفتی اعظم امام مسجد اقصیٰ فلسطین نے افتتاح کیا۔ اس سہ روزہ نمائش میں شہر اور اضلاع کے سینکڑوں افراد نے شرکت کرتے ہوئے نادر کاریگری کا مشاہدہ کرتے ہوئے ادارہ سیاست اور فنکاروں کی ستائش کی۔ پروفیسر معین انصاری صدر شعبہ نیورالوجی پالمیر یونیورسٹی امریکہ نے اس نمائش کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دنیا کے مختلف مقامات کا دورہ کیا لیکن ایسی اسلامی فن خطاطی کی نمائش کہیں نہیں دیکھی۔ انہوں نے اپنے تاثر میں کہا کہ خطاطی کی نادر کارکردگی کی ستائش کی بالخصوص لکڑیوں کی کارکردگی نہ صرف قابل دید ہے بلکہ لائق ستائش ہے۔ مختلف خطاط اور فنکار جن کی خداداد صلاحیت لاجواب اور مثالی ہیں جن میں وقارالدین ناصر، نعیم صابری، لطیف فاروقی، نصیر سلطان، فہیم صابری اور رضی الدین اقبال شامل ہیں جو اپنے اپنے فن کا شاہکار مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کو انمنٹ بنادیا۔ اللہ، محمد ؐ اور قرآنی آیات کو جس انداز میں تحریر کیا گیا وہ ہر اعتبار سے لاجواب اور بے قیمت ہیں۔ پروفیسر معین انصاری (امریکہ) نے ادارہ سیاست کے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر، جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر کی ذاتی اور شخصی دلچسپی سے اس نمائش کے انعقاد پر ان کے خدمات کو خراج تحسین ادا کیا۔ اس سہ روزہ نمائش میں کئی سرکردہ اشخاص اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئے مشاہدہ کیا اور سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت اے پی نے پروفیسر انصاری کے حوالہ سے بتایا کہ ادارہ سیاست کے مختلف سرگرمیوں کا بھی ایک حصہ ہے۔ احمد صدیقی مکیش نے ان خدمات کیلئے دعائیں دیں۔ جناب عبدالستار مجاہد صدر آل انڈیا مسلم لیگ نے اپنے تاثر میں بتایا کہ قرآنی آیات کو جس انداز میں تحریر کرتے ہوئے فنکاری کے ساتھ تیار کیا وہ قابل تعریف ہے۔ جناب مظہر سید نے نمائش کا تفصیلی مشاہدہ کروایا۔ ایم اے حمید کیریئر کونسلر نے معاونیت کی۔ سید لائق علی نے اپنے تاثر میں اس نمائش سے متاثر کن انداز میں تعریف کی۔