ادارہ سیاست کی خدمات اور سرگرمیاں قابل تقلید

حیدرآباد۔/10جون، ( سیاست نیوز) ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان پروفیسر سید علی کریم ارتضیٰ نے آج روز نامہ ’سیاست‘ کے دفتر پہنچ کر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پدم شری جناب مجتبیٰ حسین، پروفیسر زاہد الحق کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ پروفیسر سید علی کریم ارتضیٰ نے ملک میں اردو زبان کی ترقی و ترویج کے سلسلہ میں کونسل کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو وسعت دینے کے متعلق فیصلہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ریجنل دفاتر کا قیام ملک بھر کے مختلف علاقوں میں عمل میں لایا جائے گا تاکہ کونسل کے منصوبوں اور زبان کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جاسکے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ کی اردو دوستی اور اخبار سیاست کی جانب سے انجام دی جانے والی فلاحی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اخبار سیاست کے زیر اہتمام چلائے جانے والے فلاحی کاموں کا مشاہدہ کرنے کیلئے چند گھنٹے کافی نہیں ہیں بلکہ کم از کم ایک دن مکمل طور پر’ سیاست‘ میں گذارنے کے بعد ہی اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ملت کی ترقی کیلئے ادارہ کی جانب سے کیا خدمات انجام دی رہی ہیں۔ جناب زاہد علی خاں نے اس موقع پر انہیں ادارہ سیاست کی جانب سے چلائی جانے والی مختلف فلاحی سرگرمیوں سے متعلق واقف کروایا اور بتایا کہ ادارہ سیاست اپنے قارئین و فرزندان حیدرآباد کی اعانت سے ان خدمات کو انجام دے رہا ہے۔ پروفیسر سید علی کریم ارتضیٰ نے ادارہ سیاست کی جانب سے چلائی جانے والی خطاطی کی کلاسیس کے علاوہ کمپیوٹر کی تربیت کے مرکز کا مشاہدہ کرتے ہوئے اس کی ستائش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اخبار کے ذریعہ چلائی جانے والی یہ سرگرمیاں قابل تقلید ہیں۔ اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ ’سیاست‘ نے ادارہ سیاست کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی سرگرمیوں کی تفصیل پیش کی اور سیاست کی ویب سائٹ کی مقبولیت کے متعلق ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کو واقف کروایا۔ جناب مجتبی حسین نے پروفیسر سید علی کریم ارتضیٰ کو ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نامزد کئے جانے پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی ادارہ کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر عائد کی گئی ہے اور توقع ہے کہ ان کے دورکارکردگی کے دوران اردو زبان کی ترقی و ترویج کے سلسلہ میں عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔