ادارہ سیاست کی جانب سے مسلم نعشوں کی تدفین

حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن نامپلی کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم خاتون کی نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اسی طرح 11 پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی درخواستیں وصول ہوئیں۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی ہدایت پر 12 مسلم نعشوں کو حاصل کرکے قبرستان کوکٹ پلی میں شیخ عبدالعزیز صدر عیدگاہ کوکٹ پلی کی نگرانی میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ محمد تقی الدین عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی نگرانی میں غسل کا اہتمام کیا گیا اور نماز جنازہ مولانا محمد شکیل قاسمی سبیلی نے پڑھائی۔ شیخ عبدالعزیز صدر عیدگاہ کوکٹ پلی نے کہاکہ چار ہزار سے زیادہ مسلم نعشوں کی تدفین جو جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی میں انجام دی گئی وہ سارے ہندوستان کے لئے ایک مثال ہے۔ جناب زاہد علی خاں ملت فنڈ کے تعاون سے اس کام کو انجام دے کر سارے ہندوستان میں ایک مثال قائم کی۔ محمد عبدالعزیز، محمد عبدالسبحان، شاہانہ بیگم اور عرشیہ بیگم نے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی اور ورثاء کے لئے دعا کی کہ وہ جہاں بھی ہوں اللہ پاک اُن کو صبر عطا فرمائے۔