ادارہ سیاست کی جانب سے مسلم طلبہ کے لیے شارٹ ہینڈ کی تربیت

اسٹینو گرافرس کی بے شمار جائیدادیں مخلوعہ ، تربیت کی فراہمی کے لیے حفیظ اللہ خاں کی خدمات کا حصول
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ملٹی نیشنل کمپنیوں ، خانگی اداروں ، نیم سرکاری انسٹی ٹیوٹس ، سرکاری محکموں بشمول محکمہ پولیس میں بھرتیوں کے لیے روزنامہ سیاست نے مسلم لڑکے لڑکیوں کو تیار کرانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ سرکاری ملازمتوں میں کبھی مسلمانوں کا تناسب 48 فیصد ہوا کرتا تھا ۔ آج سرکاری ملازمتوں میں چاہے وہ کسی بھی محکمہ میں کیوں نہ ہو مسلم ملازمین بہت کم نظر آتے ہیں ۔ لیکن روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی کوششوں اور ان کوششوں میں ہمدردان ملت کی مدد نے مسلم طلباء وطالبات کو سرکاری ملازمتوں ملٹی نیشنل کمپنیوں وغیرہ میں ملازمتیں کرنے کی جانب راغب کیا ہے ۔ اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں سے لے کر ایم بی بی ایس ، بی ڈی ایس ، بی یو ایم ایس اور انجینئرنگ کورس میں داخلوں کے لیے بھی ادارہ سیاست نے مسلم طلبہ کی بہتر انداز میں رہنمائی کی اسی سلسلہ کی ایک کڑی طلباء وطالبات کو اسٹینو گرافر کی تربیت دینا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ریاست تلنگانہ میں اسٹینو گرافر کی بے شمار جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ خاص طور پر مختلف وزارتوں ، عدالتوں وغیرہ میں اسٹینو گرافرس کی بہت زیادہ طلب ہوتی ہے ۔ چنانچہ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں مسلم لڑکے لڑکیوں کو شارٹ ہینڈ سکھانے کا انتظام کیا گیا ہے اس کے لیے شارٹ ہینڈ کے ماہر جناب حفیظ اللہ خاں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 6 ماہ کے اس کورس میں 27 طلبہ نے اپنے نام درج کروائے ہیں جن میں 6 طالبات ہیں اور خوشی کی بات یہ ہے کہ تمام کے تمام گریجویٹس ، پوسٹ گریجویٹس اور پی ایچ ڈی بھی ہیں ۔ جناب حفیظ اللہ خاں کے مطابق اسٹینو گرافی ( شارٹ ہینڈ ) کا کورس مکمل کرنے والے پیشہ وارانہ امتحانات میں شریک ہو کر کامیابی حاصل کرتے ہوئے بآسانی سرکاری ملازمتیں حاصل کرسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے حفیظ الرحمن سے 9246936771 پر ربط کریں ۔۔