حیدرآباد 28 نومبر (سیاست نیوز) مذہب اسلام قبول کرنے والے جناب محمد رحیم کے انتقال پر افراد خاندان نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست سے تعاون کی خواہش کی۔ چنانچہ ایڈیٹر سیاست کی ہدایت پر جناب سید عبدالمنان بورڈس کلب سکندرآباد نے اہلیان محلہ کی اعانت سے قبرستان سکندرآباد میں اسلامی طریقہ کے مطابق نماز جنازہ ادا کی اور تدفین عمل میں لائی۔ اس وقت محمد رحیم مرحوم کے افراد خاندان بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ 8 پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی درخواستیں موصول ہوئیں اور دواخانہ عثمانیہ و گاندھی سے اِن آٹھ مسلم نعشوں کو حاصل کرتے ہوئے قبرستان تھرتھرے شاہ بنسی لعل پیٹ میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ مولانا سید شاہ انعام الحق قادری امام و خطیب مسجد افضل گنج نے نماز جنازہ پڑھائی۔ ڈاکٹر قدسیہ پروین نے اس کارخیر کی انجام دہی پر جناب زاہد علی خاں کے ساتھ ساتھ ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کی سراہنا کی۔ جناب محمد عبدالبشیر نائب صدر مسجد سرور کونین ﷺ فتح شاہ نگر، محمد سرور معتمد مسجد سنگ پتلی باؤلی، عالیہ بیگم، فرزانہ ، وحیدہ، عشرت، محمد عمران نے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی اور جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست، جناب سید عبدالمنان، جناب محمد عبدالجلیل اور جناب سمیع اللہ خاں سے اظہار تشکر کیا۔