مرد حضرات کا حجامہ کیمپ، مولانا قاری سید عبدالباری کا بیان
حیدرآباد ۔ 21 جنوری (پریس نوٹ) مولانا قاری سید عبدالباری خطیب و امام جامع مسجد دارالشفاء نے کہا کہ حجامہ ایک قدیم طریقہ علاج ہے اور حضور ؐ کے دور سے اس طریقہ علاج کو اہمیت حاصل ہوئی۔ حضور ؐ نے خود حجامہ کروایا اور صحابہ کرام کو حجامہ کرنے کا مشورہ دیا۔ قاری سید عبدالباری ادارہ سیاست اور ڈاکٹرمجیب ہیلت کیر سنٹر کی جانب سے اردو گھر مغلپورہ میں ایک روزہ مرد حضرات کے حجامہ کیمپ کے موقع پر یہ بات کہی۔ ابتداء میں حکیم سید غوث الدین کوآرڈینیٹر کیمپ نے بتایا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے گذشتہ تین برسوں سے مرد و خواتین کیلئے حجامہ کیمپ کا کامیابی سے انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ قاری عبدالباری نے اس موقع پر ادارہ سیاست کی ملی، علمی، ادبی، طبی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ کا انتظامیہ نہ صرف حجامہ کیمپ، طبی کیمپ، بمسیٹ کوچنگ، ایم ڈی انٹرنس ٹسٹ کی کوچنگ دے رہا ہے بلکہ لاوارث نعشوں کی تدفین بھی ایک اہم کارنامہ ہے جس کیلئے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر قابل مبارکباد ہیں جن کی سرپرستی اور رہنمائی میں سماج کے کمزور طبقات خاص طور پر مسلمانوں کیلئے نمایاں خدمات انجام دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادارہ سیاست اسی طرح ہمیشہ قوم کی خدمت کرتا رہے گا۔ ماہر حجامہ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب نے کہا کہ ادارہ سیاست کے تعاون و سرپرستی میں نہ صرف وہ بلکہ ان کے ڈاکٹروں کی ٹیم اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے مریضوں کو حجامہ کے ذریعہ صحتیاب کررہی ہے اور عوام الناس ادارہ سیاست کی خدمات کی سراہنا کررہے ہیں۔ اس کیمپ میں 90 مرد حضرات نے استفادہ کیا جس میں مختلف امراض میں مبتلاء مریضوں کے علاوہ سنت کی روشنی میں بھی نوجوان طبقہ نے حجامہ کروایا۔ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب کی زیرنگرانی ڈاکٹر محمد نذیر، ڈاکٹر محمد کلیم غوری، ڈاکٹر محمد عارف، ڈاکٹر عبدالرحمن، ڈاکٹر سید عظیم الدین، ڈاکٹر عمران صدیقی نے مریضوں کو حجامہ کیا اور انہیں ضروری مشورے دیئے۔