حیدرآباد۔ 4 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) شادی بیاہ کی تقاریب کا انعقاد بھی ایک وسیع صنعت بنتا جارہا ہے۔ ملک بھر میں ہونے والی شادی کی تقاریب میں نہ صرف پکوان ، لباس، زیورات ، میک اپ ، مہندی ، سجاوٹ کے علاوہ دیگر شعبوں سے وابستہ افراد شادی بیاہ تقاریب کو ایک صنعت تصور کرتے ہیں جس کے ذریعہ کئی افراد کے روزگار جڑے ہوئے ہیں۔ فی زمانہ شادی کی تقریب کے انتظامات کیلئے نہ صرف بڑے پیمانہ پر تیاریاں کی جانے لگی ہیں بلکہ ان تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں مشاورتوں کا عمل طویل ترین ہوتا جارہا ہے۔ یوں تو حیدرآباد میں معیار اور سادگی دونوں کو ملحوظ رکھنے کا رواج چل پڑا ہے۔ شادی سے جڑی ہوئی کئی تقاریب دھوم دھام سے منائی جارہی ہیں اور نکاح کی تقریب انتہائی سہل بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ شادی بیاہ سے جڑی ہوئی تقاریب کے سلسلہ میں جو تیاریاں دولہا اور دلہن کے افراد خانہ کرتے ہیں، ان تیاریوں میں نہ صرف ملبوسات کی خریدی شامل ہے بلکہ زیورات ، جوتے ، چپل، چوڑی ، کھوبڑا، مہندی چکسہ، ہلدی کے ساتھ ساتھ سانچق میں لے جائی جانے والی بری جس میں بادام ، مصری اور کھجور کی خریداری بھی شامل ہوتی ہے۔ اتنا ہی نہیں دونوں خاندانوں کی جانب سے دوست و احباب کو مدعو کرنے کیلئے دعوت ناموں کے انتخاب کا بھی ایک بڑا مرحلہ ہوتا ہے۔ ان تمام امور کو ذہن میں رکھتے ہوئے حیدرآباد کی ایک تشہیری کمپنی کیپشنس کے تعاون سے ادارہ سیاست کے شعبۂ تشہیر و مارکیٹنگ کی جانب سے شہر کے مرکزی مقام پر جشن نکاح کے عنوان سے ایک سہ روزہ نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس نمائش میں شادی بیاہ کی تقاریب سے جڑی تمام اشیاء کے متعلق اسٹالس موجود رہیں گے۔ اس نمائش میں زیورات ، الیکٹرانکس بیوٹی پارلر، خوشبو و عطریات ، شادی خانوں ، کیٹرنگ کمپنیز کے علاوہ دیگر سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ 12 ستمبر کو سٹی کنونشن سنٹر نامپلی میں شروع ہونے والی اس جشن نکاح نامی نمائش کا سلسلہ 14 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس نمائش کے ذریعہ شادی و دیگر تقاریب سے جڑی صنعت یکجا کرتے ہوئے عوام کو سہولت پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ عوام کو شادی بیاہ سے جڑی تقاریب کے دوران اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں سہولت ہوسکے۔ اس نمائش میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مایہ ناز تاجرین، کیٹرنگ کمپنیز، میاریج بیورو، فوٹو و ویڈیو گرافرس کے علاوہ ملبوسات کے ڈیزائنرس اور بیوٹیشنرز حصہ لیں گے۔