ادارہ سیاست و ایم ڈی ایف کا عقدثانی کے رشتوں پر دوبدو پروگرام

کل ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں مقرر، جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 7 نومبر (دکن نیوز) ادارہ سیاست و ایم ڈی ایف کا 36 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 9 نومبر کو 10 بجے دن تا 4 بجے شام ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا۔ اس پروگرام میں صرف عقدثانی کے رشتے دستیاب رہیں گے۔ اس کے علاوہ جن لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں میں بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پر تاخیر ہوئی ہے وہ رشتے بھی اس پروگرام میں شامل رہیں گے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست پروگرام کی صدارت کریں گے۔ محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز اور سید اختر سماجیکارکن و پروموٹر بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیرمقدم کریں گے۔ اس پروگرام میں شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ اضلاع کے والدین و سرپرست بھی اپنے پسند کے رشتوں کے انتخاب کیلئے شریک ہوں گے۔ دوبدو پروگرام کے تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی دفتر ایم ڈی ایف پر بے شمار ٹیلیفون کالس موصول ہورہے ہیں جو نہ صرف والدین کی جانب سے بلکہ لڑکے و لڑکیوں کی جانب سے تفصیلات معلوم کرنے کیلئے کئے جارہے ہیں۔ اس سنگین مسئلہ سے دوچار کئی والدین نے بتایا کہ گذشتہ دو تین برسوں کے دوران حیدرآباد میں طلاق و خلع کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ شادی کے کچھ ہی دنوں بعد طلاق و خلع جیسے انتہائی اقدام کے نتیجہ میں کئی خاندان شدید دشواریوں و مصائب سے دوچار ہیں۔ ان حالات میں عقدثانی کیلئے دوبدو ملاقات پروگرام ان کیلئے امید کی کرن ثابت ہوگا۔ پروگرام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ پروگرام کے سلسلہ میںکونسلرس اور والینٹرس کو مقرر کیا جارہا ہے جو نہ صرف پیامات کی نشاندہی کریں گے بلکہ کونسلنگ کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ باب الداخلہ پر خصوصی رجسٹریشن کاونٹرس بنائے جارہے ہیں جہاں لڑکوں و لڑکیوں کے نئے رجسٹریشن کروانے کی سہولت حاصل رہے گی۔ اس پروگرام میں دیگر زمروں کے پیامات کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ والدین کے بے حد اصرار پر سیاست و ایم ڈی ایف نے عقدثانی کیلئے یہ پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 9394801526 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔