سامبادامودھر ریڈی فنکشن ہال راجندر نگر میں مقرر، مسرس زاہد علی خاں، کے ویشویشور ریڈی اور ایس دامودھر ریڈی کی شرکت
حیدرآباد ۔ 24 مئی (دکن نیوز) مسلمان لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کے رشتے طئے کرنے والدین و سرپرستوں کیلئے 31 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 25 مئی کو صبح 9 تا 3 بجے دن ایس ٹی آر گارڈن (سامبا دامودھر ریڈی فنکشن ہال) پلر نمبر 176، اپر پلی چوراہا راجندر نگر میں مقرر ہے۔ ادارہ سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے تعاون و اشتراک سے ہونے والے پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف کریں گے۔ چیوڑلہ رکن پارلیمنٹ کونڈا ویشویشور ریڈی اور سینئر ٹی آر ایس لیڈر ایس دامودھر ریڈی، محمود علی رکن قانون ساز کونسل ٹی آر ایس مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ جناب شعیب احمد خان جنرل سکریٹری مائناریٹی سیل ٹی آر ایس اور جناب سید حمیدالخالد صدر راجندر نگر مائناریٹی سیل، عبدالمقیت چندرا ڈسٹرکٹ صدر مائناریٹی سیل، عمران منیر ایس ڈی آر گارڈن فنکشن ہال کے تعاون و اشتراک سے یہ دوبدو ملاقات پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف، ایم ڈی ایف کی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ جناب محمد حمیداللہ خالد استقبالیہ کلمات ادا کریں گے۔ اس پروگرام میں مسلم لڑکے و لڑکیوں کے موزوں اور معیاری رشتے دستیاب رہیں گے جن کی تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے کونسلنگ کے 10 سنٹرس اور دو رجسٹریشن کاونٹرس قائم کئے جائیں گے۔ عقدثانی کا خصوصی کاونٹر قائم رہے گا ۔ والدین سے خواہش کی گئی کہ وہ اپنے ہمراہ لڑکے و لڑکیوں کے دو سے زائد فوٹوز اور زیادہ سے زیادہ بائیو ڈاٹاس کی کاپیز ساتھ لائیں۔ ایس ٹی آر گارڈن پر رجسٹریشن کا آغاز 9 بجے سے ہوگا اور ٹھیک 2 بجے دن بند کردیا جائے گا۔ فورم کے اراکین نے راجندر نگر، اپرپلی، عطاپور، کشن باغ، جنتل میٹ اور اس کے اطراف و اکناف بستیوں میں رہنے والے مسلم والدین سے اپیل کی کہ وہ اس مفت خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے لڑکوں و لڑکیوں کیلئے موزوں رشتہ کا انتخاب کریں۔ دوبدو پروگرام کے روز کمپیوٹرس کی مدد سے لڑکے و لڑکیوں کے بائیو ڈاٹا و فوٹو پر مشاہدہ کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، جس کی نگرانی جناب زاہد فاروقی کریں گے۔ لڑکے و لڑکیوں کے والدین و سرپرستوں میں اس پروگرام کے متعلق بے چینی پائی جارہی ہے کہ اس سے استفادہ کرتے ہوئے رشتہ کو طئے کرلیں۔ اس لئے روزانہ دفتر ایم ڈی ایف پر فون کے ذریعہ اور شخصی طور پر معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ شہر کے بڑے مقامات سے اپرپلی چوراہا راجندر نگر تک پہنچنے کیلئے آر ٹی سی بس کی سہولت ہے اور مہدی پٹنم سے شیرینگ آٹو چلا کرتے ہیں۔ مزید تفصیلات محمد عبدالقدیر نائب صدر فورم 9394801526 سے حاصل کی جاسکتی ہے۔