ادارہ سیاست سے گلبرگہ میں بھی حجامہ کیمپس منعقد کرنے کی خواہش

جناب زاہد علی خاں کو خراج تحسین ، خواتین کا حجامہ کیمپ ، ڈاکٹر سیدہ ثمینہ سلطانہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : ماہر حجامہ ڈاکٹر سیدہ ثمینہ سلطانہ ( گلبرگہ ) کرناٹک نے ادارہ سیاست کی جانب سے گذشتہ تین برسوں سے حجامہ کیمپ برائے مرد حضرات اور خواتین کے کامیاب انعقاد پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ملی ، طبی ، علمی اور ادبی خدمات کو خراج تحسین ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کی سرگرمیوں کو وہ وسعت دیتے ہوئے دوسرے ریاستوں میں بھی منعقد کریں گے ۔ ڈاکٹر سیدہ نے نظامیہ طبی کالج سے بی یو ایم ایس کیا اور ادارہ سیاست کی جانب سے شروع کردہ حجامہ کیمپ میں کام کیا اور اب گلبرگہ کرناٹک میں یونانی طریقہ علاج کے ساتھ ساتھ حجامہ پر بھی مطب چلا رہی ہیں ۔ ادارہ سیاست کی جانب سے اردو گھر مغل پورہ میں منعقدہ حجامہ کیمپ برائے خواتین میں وہ مہمان خصوصی مخاطب تھیں ۔ انہوں نے گلبرگہ میں بھی اس طرح کے کیمپس رکھنے کا ادارہ سیاست کو مشورہ دیا کہ تاکہ حجامہ کے کیمپ وہاں بھی کامیابی سے چلتے رہیں ۔ حکیم سید غوث الدین کوآرڈینٹر کیمپ نے بتایا کہ اس کیمپ میں 100 سے زائد خواتین نے استفادہ کیا جو نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع کے مریضوں نے بھی شرکت کی ۔ اس کیمپ میں ماہر حجامہ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ نے نگرانی کی جس میں مختلف امراض جیسے تھائیرائیڈ ، جلدی امراض ، موٹاپا ، شوگر ، جوڑوں کے درد ، اور زنانی امراض کے مریضوں نے حجامہ کروایا ۔ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ کے علاوہ ڈاکٹر سیدہ ماہرہ ، ڈاکٹر حمیرہ تبسم ، ڈاکٹر شبینہ غوری ، ڈاکٹر لطیف النساء ، ڈاکٹر نزہت سلطانہ ، اور ڈاکٹر اسماء فاطمہ نے شرکت کی ۔ اور مریضوں کا معائنہ کرنے کے بعد حجامہ کرتے ہوئے انہیں مفید مشورے دئیے اور سنت کی روشنی میں حجامہ کروانے کے لیے خواتین سے خواہش ظاہر کی تاکہ وہ صحت مند رہ سکیں ۔۔