ادارہ سیاست سے مسلمانوں کی تعلیمی ، طبی اور فلاحی سرگرمیاں انجام دینے کا تہیہ

حجامہ کیمپ بھی خدمات کا حصہ ، دفتر سیاست میں خواتین کے حجامہ کیمپ سے جناب زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ حضورؐ نے حجامہ کے ذریعہ علاج کروانے کا مشورہ دیا اور خود بھی حجامہ کروایا اور اپنے صحابہ کو حجامہ کروانے کا حکم دیا ۔ جناب زاہد علی خاں ادارہ سیاست کی جانب سے حجامہ کیمپ برائے خواتین کا معائنہ کرنے کے بعد یہ بات کہی ۔ ابتداء میں حکیم سید غوث الدین کوآرڈینٹر کیمپ نے ماہر حجامہ لیڈی ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ اور ان کے دیگر حجامہ ڈاکٹرز سے تعارف کروایا اور بتایا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے خواتین کا یہ چھٹا کیمپ ہے اس کیمپ میں نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ کے اضلاع کے علاوہ ریاست مہاراشٹرا کے بیڑ ، پربھنی ، اورنگ آباد کے 360 خواتین استفادہ کئے ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ ادارہ سیاست مسلمانوں کے تعلیمی ، طبی اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے ان کی بہتر سے بہتر خدمت کرنے کا تہیہ کرلیا ہے ۔ چنانچہ اس طرح کے حجامہ کیمپ اس کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے حجامہ لیڈی ڈاکٹرز کی طبی خدمات کو اسی طرح سے جاری رکھنے کا مشورہ دیا ۔ ماہر حجامہ لیڈی ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ نے کہا کہ حجامہ کے ذریعے کہنہ امراض خاص طور پر جوڑوں کا درد ، تھائیرائیڈ ، بی پی ، شوگر ، عرق النساء ، آدھے سر کا درد ، نزلہ مرض کے علاوہ دیگر زنانی امراض میں کامیاب علاج کیا جارہا ہے اور خواتین اس طرح کے کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے اپنے تکالیف دور کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر یسریٰ نے کہا کہ موٹاپے کے لیے ایک ماہ میں چار دفعہ حجامہ کروانے سے چار کیلو سے زیادہ وزن کم ہوگا ۔ انہوں نے تمام خواتین سے اس طرح کے کیمپ سے استفادہ حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ نے کہا کہ نفسیاتی امراض جیسے ذہنی دباؤ ، دماغی تناؤ ، تکالیف میں حجامہ سے کامیاب علاج کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حجامہ صحت مند لوگ بھی کرواسکتے ہیں کیوں کہ یہ سنت نبوی ہے اور اس سے جسم کا دوران خون بھی درست ہوتا ہے جس سے کئی بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے ۔ حجامہ کیمپ برائے خواتین میں ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ کے علاوہ ڈاکٹر کوثر فاطمہ ، ڈاکٹر منیر فاطمہ ، ڈاکٹر جبین فاطمہ ، ڈاکٹر ہاجرہ بیگم ، ڈاکٹر سعدیہ کوثر ، ڈاکٹر ممتازبیگم ، ڈاکٹر سیدہ ثمینہ سلطانہ ، ڈاکٹر شاہین بانو ، ڈاکٹر حمیدہ بتول ، ڈاکٹر خالدہ ، ڈاکٹر نصرت فاطمہ ، ڈاکٹر سیدہ ضیا فاطمہ کے علاوہ دیگر ڈاکٹرز نے مریضوں کا حجامہ کیا ۔ اس کیمپ میں جناب ایم این بیگ ، جناب فہیم انصاری ، جناب خالد محی الدین اسد اور دوسروں نے معاونت کی ۔۔