جناب زاہدعلی خاں اور جناب عامر علی خاں سے اظہار تشکر، حکیم غوث الدین کو تہنیت، ڈاکٹر یُسریٰ فاطمہ کے تاثرات
حیدرآباد 16 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں اور بیرون ممالک میں سنت نبوی ﷺ کے طریقہ علاج حجامہ کے ذریعہ لاکھوں مریض مختلف امراض کا کامیاب علاج کرواتے ہوئے ایک مثال قائم کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر یُسریٰ فاطمہ ماہر حجامہ ڈاکٹر نے ادارہ سیاست کے زیراہتمام عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں منعقدہ مفت حجامہ کیمپ کے موقع پر کیا جس کی نگرانی کوآرڈی نیٹر کیمپ ڈاکٹر سید غوث الدین سابق مشیر محکمہ آیوش نے کی۔ ڈاکٹر یُسریٰ فاطمہ نے مزید بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے ادارہ سیاست کی جانب سے خاتون مریضوں کے لئے سنت نبوی ﷺ کے مطابق حجامہ کیمپ رکھے جارہے ہیں جوکہ انتہائی مفید ثابت ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں، جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست اور نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا اُنھوں نے ملت کی سماجی، تعلیمی اور معاشی خدمات کے ساتھ ساتھ طبی خدمات کا بھی بیڑہ اُٹھایا ہے جس سے تاحال ہزارہا مریضوں نے استفادہ کیا ہے اور علاج کے ذریعہ نہ صرف سنت کو زندہ رکھا بلکہ اپنی صحت پر بھی مثبت انداز میں تبدیلی بھی محسوس کی ہے۔ کیمپس کے ایک سال کی تکمیل پر منعقدہ خصوصی کیمپ سے زائداز 300 خواتین نے استفادہ کیا۔ کیمپ کی نگرانی وہ خود (یُسریٰ فاطمہ) نے ہی کی ہے۔ اس موقع پر اُنھوں نے لیڈی ڈاکٹرس کی جانب سے حکیم سید غوث الدین سابق مشیر محکمہ آیوش حکومت اے پی کی صحت یابی پر تہنیت پیش کی۔ دوران کیمپ مختلف امراض جیسے جوڑوں کا درد، پی سی او ڈیز، ارتھیٹیز، موٹاپا، سر درد، اعضاء شکنی، امراض نسواں، امراض جگر، ذیابیطیس، ہائپر ٹنشن، نیند نہ آنا، سوریاسیس، ایکزیما، ذہنی تناؤ اور دیگر بہت سارے امراض سے متاثرہ خاتون مریضوں کا بعد تشخیص حجامہ کے ذریعہ علاج کیا گیا اور انھیں مفید رائے و مشورے دیئے گئے۔ اس کیمپ میں ڈاکٹر یُسریٰ فاطمہ کی راست نگرانی میں خدمات انجام دینے والی ٹیم میں ڈاکٹر صدیقہ، ڈاکٹر سعدیہ کوثر، ڈاکٹر جبین فاطمہ، ڈاکٹر ہاجرہ بیگم، ڈاکٹر شاہین بانو، ڈاکٹر ثمینہ سلطانہ، ڈاکٹر ممتاز بیگم اور دیگر شامل تھے۔