ادارہ سیاست سے بی یو ایم ایس میں داخلے کے لیے خصوصی کوچنگ

امتحان کی تیاری اور کورس پر معلوماتی لکچرس، ڈاکٹر سید غوث الدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں ادارہ سیاست کے زیر اہتمام بی یو ایم ایس ( یونانی میڈیسن ) کی کوچنگ کلاسس ہر سال پابندی کے ساتھ منعقد ہورہی ہیں ۔ سال حال بمسٹ 2014 کی کوچنگ کا آغاز 5 مئی سے ہوا ۔ اس موقع پر طلباء و طالبات کے لیے بی یو ایم ایس انٹرنس ٹسٹ امتحان کی تیاری اور کورس کے متعلق معلومات فراہم کرنے ایک کیرئیر لکچر کا اہتمام کیا گیا ۔ ڈاکٹر سید غوث الدین پروگرام کوآرڈینٹر و سابق مشیر یونانی نے خیر مقدم کرتے ہوئے کورس کے اغراض و مقاصد بتائے ۔ کیرئیر کونسلر ایم اے حمید نے توسیعی لکچر دیتے ہوئے بتلایا کہ یونانی دیسی طریقہ طب ہے جس طرح ایلوپیتھی کے ساتھ ہومیو پیتھی ، آیورویدک ہے اس طرح یونانی میں بی یو ایم ایس ہے اور اس میں داخلے کے لیے علحدہ انٹرنس امتحان ہوتا ہے ۔ اس میں کامیابی نہیں بلکہ رینک حاصل کرنا اہم ہوتا ہے ۔ ریاست بھر میں 125 یونانی کی نشستیں ہیں جس کے لیے انٹرنس امتحان میں زائد از 400 امیدوار شرکت کرتے ہیں ۔ ایس سی / ایس ٹی تحفظات زمرہ کے امیدوار اردو سیکھ کر انٹر میڈیٹ میں اردو امتحان کامیاب کرتے ہوئے شرکت کررہے ہیں ۔ اس طرح بمسٹ ایک مسابقتی امتحان ہے جس میں عام زمرہ میں 1:10 کے تناسب سے مقابلہ ہوتا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف سوالات کا تشفی بخش جواب دیا ۔ آخر میں خالد محی الدین اسد نے شکریہ ادا کیا ۔۔