ادارہ سیاست اور ملت فنڈ سے رشتوں کا دوبدو پروگرام

اتوار کو رائل کنونشن میں مقرر ، جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : والدین کے لیے لڑکوں اور لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کے لیے سیاست اور ملت فنڈ نے جو بیڑہ اٹھایا ہے کہ اس میں کامیابی حاصل ہوتی جارہی ہے ۔ جس کے لیے اب تک دونوں شہر اور اضلاع اور ملک کی ریاستوں میں 82 ویں دوبدو ملاقات پروگرام کامیابی کے منازل طئے کرچکے ہیں ۔ اور اب 83 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار یکم اپریل کو صبح 10 تا 4 بجے شام رائیل کنونشن روبرو مغل انجینئرنگ کالج بنڈلہ گوڑہ روڈ منعقد ہوگا ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست و سرپرست اعلیٰ اس پروگرام کی صدارت کریں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب شیخ صادق علی بانی ریگل گروپ ، جناب محمد معین الدین پروپرائٹر ریگل کنونشن شرکت کریں گے ۔ سیاست اور ملت فنڈ کے تعاون و اشتراک سے ہونے والے اس پروگرام میں والدین جو رشتوں کے متلاشی رہتے ہیں ان کے لیے پروگرام فائدہ مند ثابت ہورہے ہیں ۔ اس پروگرام میں والدین کو لڑکا ہو یا لڑکی کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کی کاپیز ضرور رکھنا ہوگا تاکہ انہیں رجسٹریشن کے ساتھ بات چیت کرنے میں مددگار ہوسکے ۔ جنہوں نے دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست عابڈز میں اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رجسٹریشن کروائے ہیں انہیں دوبارہ رجسٹریشن کروانے کی ضرورت نہیں بلکہ بائیو ڈاٹاس کی کاپیز ساتھ رکھنا ضروری ہوگا ۔ دوبدو پروگرام میں میڈیسن ، انجینئرنگ ، گریجویٹس ، پوسٹ گریجویٹس ، ایم بی اے ، ایم سی اے ، بی سی اے ، انٹر ، ایس ایس سی ، ڈپلوما کورس ، عالم و حافظ کے کاونٹرس رہیں گے ۔ اس کے علاوہ عقد ثانی ، تاخیر سے شادی اور معذورین کے لیے بھی رشتوں کیلئے کاونٹرس رکھے جائیں گے ۔ جہاں پر والدین کو ایک دوسرے کے ساتھ باہمی گفتگو کرتے ہوئے رشتوں کا انتخاب کرنا ہوگا ۔ کمپیوٹر سیکشن بھی رہے گا جہاں کمپیوٹرس کی مدد سے فوٹوز اور بائیو ڈاٹا کا ملاحظہ والدین کرسکتے ہیں ۔ اس پروگرام میں آن لائن رجسٹریشن کی بھی سہولت رکھی گئی ہے ۔ جناب خالد محی الدین اسد نے بتایا کہ دوبدو ملاقات پروگرام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ والدین اپنے ساتھ فوٹوز اور بائیو ڈاٹا کی کاپیز زیادہ سے زیادہ رکھیں ۔ اکثر والدین کو دیکھا گیا کہ وہ فوٹوز اور نہ بائیو ڈاٹا ساتھ رکھتے ہیں ۔ مزید تفصیلات جناب خالد محی الدین اسد سے فون 9391160364 پر ربط کریں ۔۔