حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد ( ضلع حیدرآباد ) میں ادارہ جات مقامی کوٹہ کے تحت رکن قانون ساز کونسل کا انتخاب بلا مقابلہ ہونے کا امکان یقینی ہے۔ کیونکہ اس حلقہ انتخاب کیلئے صرف ایک ہی امیدوار مجلس مسٹر سید امین الحسن جعفری نے ہی پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے اور انہیں بالواسطہ طور پر ریاست تلنگانہ میں برسراقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی بھرپور تائید حاصل ہے جس کی وجہ سے حیدرآباد ادارہ جات مقامی کوٹہ کے تحت کونسل رکن انتخاب میں اپنے کسی امیدوار کو مقابلہ کروانے سے گریز کیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی۔ اور کہا کہ ادارہ جات مقامی حیدرآباد کے رکن کونسل کیلئے انتخاب درحقیقت موجودہ رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر سید امین الحسن جعفری کی میعاد مکمل ہونے کے باعث منعقد ہورہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ داخل کردہ پرچہ نامزدگی کی کل یعنی 2 مارچ بروز پنجشنبہ جانچ کرلی جائے گی، اور پرچہ نامزدگی درست ہونے پر فوری طور پر عہدہ دار متعلقہ کی جانب سے مسٹر امین الحسن جعفری کے انتخاب کا اعلان کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ادارہ جات مقامی حیدرآباد کوٹہ کے تحت انتخابی فہرست میں رائے دہندوں کی تعداد جملہ 141 پائی جاتی ہے اور اس تعداد میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور مجلس کے ارکان کی تعداد ہی زیادہ ہے۔