ادارۂ سیاست کے ملت فنڈ سے 14 مسلم نعشوں کی تدفین

حیدرآباد۔ 3 مئی (پریس نوٹ) ادارۂ سیاست کے ملت فنڈ سے تجہیز و تکفین کے انتظامی اُمور کی تکمیل وقت کی اہم ضرورت ہے جو جاری و ساری ہے۔ اس ضمن میں مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی نے ابن ماجہ کی حدیث بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ نے فرمایا کہ جس نے اپنے مسلمان بھائی کی تدفین کیلئے قبر کی جگہ دی تو اللہ پاک اسے جنت میں مکان دینے کا وعدہ کیا۔ جناب سید عبدالمنان نے کہا کہ ملت فنڈ کے ذریعہ جو تدفین کا سلسلہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی سرپرستی میں انجام دیا جارہا ہے، وہ سیاست کے بہت سارے فلاحی کاموں میں بلاشبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو محمد شریف الامین کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی اسی طرح افضل گنج پی ایس کے 3، ریلوے پی ایس کے 2، منگل ہاٹ پی ایس کے 3، عابڈز پی ایس کی 1 ، آر جی آئی شمس آباد ایرپورٹ 1، حبیب نگر پی ایس 2، نامپلی پی ایس 1، جملہ 14 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ سے حاصل کرکے کوکٹ پلی قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا محمد زبیر نے پڑھائی ۔ کارِ خیر میں حصہ لینے پر جناب زاہد علی خاں نے صدر قبرستان و عید گاہ کوکٹ پلی کا شکریہ ادا کیا۔