نئی دہلی۔یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یونیک آڈینٹفکیشن اتھاریٹی آف انڈیا کا منصوبہ ہے کہ آدھار کے سسٹم کو موجودہ 10 کروڑ کی تعداد سے 40 کروڑ فی یوم استعمال تک بڑھایا جائے اور نقدی سے عاری سماج کو یقینی بنانے کے لئے اس دستاویز کی بڑے پیمانے پر حوصلہ افزائی کی جائے۔ حکومت ایک ایسا موبائل فون ایپ کی تیاری پر کام کررہی ہے جسے دکاندار اور مختلف تاجرین ادائیگی کے لئے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈس کی بجائے آدھار کی بنیاد پر استعمال کرسکے۔ اس موبائل اپلیکیشن کے ذریعہ موبائل ہینڈ سٹ کو شناخت کی تصدیق کے لئے استعمال کیا جائے گا اور اس طرح کسٹمرس آدھار کی مدد سے مختلف نوعیت کی ادائیگیاں کر پائیں گے۔ یو آئی ڈی اے آئی اپنے منصوبے کے تحت آدھار کے استعمال کو فی یوم 40 کروڑ تک وسعت دینا چاہتی ہے، اتھاریٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اجئے بھوشن پانڈے نے یہاں میڈیا والوں کو اس ضمن میں معلومات فراہم کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام میں ایسی ادائیگی اور اس طرز کے لین دین کے تعلق سے بیداری پیدا کریں گے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ لوگ بدستور اپنے آدھار کو اپنے بینک کھاتوں سے مربوط کرسکیں گے۔