بنکاک ۔ 9؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایک نامور ہندوستانی تاجر جسے حکومت مخالف جلوسوں اور جلسوں میں حکومت کے نافذ کردہ ہنگامی حالات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شرکت کرنے پر ملک سے خارج کردینے کا حکم دیا گیا ہے، اپنے خلاف کارروائی کے باوجود تھائی لینڈ سے روانہ ہونے سے انکار کردیا۔ سابق صدر نشین ہند۔ تھائی لینڈ بزنس فورم ستیش سہگل نے ہندوستانی سفاتخانے میں پناہ لینے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ ان کا وطن ہے اور وہ یہاں سے فرار نہیں ہوں گے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ کا نتیجہ کچھ بھی نکلے وہ پر زور انداز میں تھائی لینڈ سے روانگی سے انکار کرتے ہیں،کیونکہ یہ ان کا چہیتا وطن ہے۔ سہگل گزشتہ 50 سال سے زیادہ مدت سے تھائی لینڈ میں مقیم ہیں، لیکن ہنوز ہندوستانی پاسپورٹ پر ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت مخالف احتجاجی مہم میں انھوں نے کلیدی کردار ادا نہیں کیا۔