سرینگر، 29اگست (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے اکتوبر میں منعقد ہونے والے پارٹی انتخابات میں غلام احمد میر کو دوبارہ صدر منتخب کئے جانے کا امکان ہے ۔ پارٹی ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ جی اے میر گذشتہ قریب اڑھائی برس سے کانگریس کی ریاستی اکائی کے صدر ہیں اور پارٹی کے قواعد وضوابط کے مطابق انتخاب امسال ستمبر یا اکتوبر میں عمل میں لائے جانے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عام طور پر پارٹی کا سربراہ پانچ سال کی مدت تک اپنا عہدہ برقرار رکھ سکتا ہے ، لیکن موجودہ صدر کو برقرار رکھنے یا کسی دوسرے کا انتخاب عمل میں لانے کا اختیار پارٹی ہائی کمان کو حاصل ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ جی اے میر کو دوبارہ جے کے پی سی سی کا صدر منتخب کئے جانے کا قوی امکان ہے کیونکہ اُن کی بحیثیت ریاستی کانگریس چیف مدت غیرمتنازعہ رہی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ مسٹر میر نے بحیثیت ریاستی کانگریس چیف پارٹی کی مضبوطی اور بہتری کے لئے غیرمعمولی کام کیا ہے ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) ملک بھر میں ریاستی سطحوں پر پارٹی کو دوبارہ منظم کرے گی۔