احمد دعوت گلو ترکی کے نئے وزیراعظم

انقرہ ۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی حکمراں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (اے کے پی) نے آج وزیرخارجہ احمد دعوت گلو کے وزیراعظم رجب طیب اردغان کے جانشین کی حیثیت سے توثیق کردی ہے۔ وہ ملک کے وزیراعظم اور پارٹی لیڈر ہوں گے۔ طیب اردغان کے بحیثیت صدر جائزہ لینے کے ایک دن قبل اے کے پی نے بھاری اکثریت کے ساتھ دعوت گلو کے نام کو منظوری دے دی۔ اس دوڑ میں وہ واحد امیدوار ہیں۔ احمد دعوت گلو 2009ء سے وزیرخارجہ ہیں اور وہ جمعرات کو وزیراعظم کا جائزہ حاصل کریں گے۔ نئے صدر اردغان انہیں حلف دلائیں گے اور اس کے فوری بعد نئی حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ 55 سالہ احمد دعوت گلو نے کہا کہ وزیراعظم اردغان کے ساتھ ان کا کوئی اختلاف نہیں ہے کیونکہ دونوں بھی مل کر ایک نئی ترکی کا قیام چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صدر اور وزیراعظم کے مابیان کوئی اختلاف نہیں ہوگا اور دونوں عوامی مقبولیت کے ووٹ حاصل کرتے ہوئے اس عہدہ پر پہنچے ہیں۔ ہم مل کر ایک نیا ترکی بنائیں گے اور اس کام میں ہم سب شانہ بہ شانہ شامل رہیں گے۔ کوئی بھی ہم میں اختلاف پیدا نہیں کرسکتا۔ انہوں نے گذشتہ سال مخالف حکومت مظاہروں پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ ہمارے عوام کا جو ہم پر اعتماد ہے اسے متزلزل کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے ایک طاقتور اور مستحکم ترکی یقینی بنانے کا ارادہ ظاہر کیا جہاں ہر طرف ترقی کے ثمرات دیکھے جاسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترکی کو اس سانحہ سے پھر گذرنے نہیں دیں گے جب ہمارا ملک سلطنت عثمانیہ کے زوال سے دوچار ہوا تھا۔ احمد دعوت گلو نے بھی طیب اردغان کی اس تجویز کو دہرایا کہ ترکی کیلئے نیا دستور تشکیل دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نئے دستور میں آزادی کو تسلیم کیا جائے گا اور اس سے ترکی کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔