احمد آباد 26 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) احمد آباد میں ادھاؤ علاقہ میں آج رات ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس میں 10 افراد کے پھنسے ہونے کا شبہ کیا جا رہا ہے ۔ دو افراد کو منہدمہ عمارت کے ملبہ سے بچالیا گیا ہے ۔ یہاں ملبہ سے لوگوں کو نکالنے کیلئے راحت اور امدادی کام شروع کردئے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس عمارت میں جملہ 32 فلیٹس تھے اور اس کے مکینوں کو تخلیہ کیلئے نوٹس دی گئی تھی ۔ بعد میں تخلیہ کردیا بھی گیا تھا ۔ تاہم یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ آج اتوار کو دوبارہ لوگ عمارت میں داخل کیسے ہوئے تھے ۔ اڈیشنل چیف فائر آفیسر راجیش بھٹ نے کہا کہ 10 افراد کے ملبہ میں پھنسے ہونے کا شبہ ہے ۔ ملبہ سے لوگوں کو نکالنے کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیموں کو بھی طلب کرلیا گیا ہے ۔