نیلور۔/15جنوری، ( آئی این این ) کانگریس رکن اسمبلی اے ویویکانند ریڈی نے متحدہ آندھرا پردیش کیلئے احتجاج شروع کرنے میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمکھیا آندھرا احتجاج شروع کرنے میں تاخیر کے نتیجہ میں تلنگانہ بل متعارف کیا جاسکا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ احتجاج چھ ماہ پہلے شروع کیا جاتا تو اس کے اثرات مختلف ہوتے۔ چونکہ سیما آندھرا علاقہ میں بالکل خاموشی تھی اسی لئے مرکز نے یہ غلط اندازہ قائم کیا کہ وہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے آمادہ ہیں اور ریاست کی تقسیم کا عمل شروع کردیا گیا۔ انہوں نے سینئر پارٹی قائدین جیسے ایس جئے پال ریڈی کی تلنگانہ مطالبہ کو تائید پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سیاسی مفادات کی بناء پر ایسا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے سیما آندھرا علاقہ کے ارکان اسمبلی سے خواہش کی کہ وہ اسمبلی اور کونسل میں تلنگانہ بل کی مخالفت کریں۔
مغربی ایشیائی ممالک کے صحافیوں کا دورہ ، ادارہ ’سیاست‘ کا معائنہ
حیدرآباد۔/15جنوری، ( سیاست نیوز) مغربی ایشیائی ممالک کے 22مدیران؍ سینئر صحافی حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں۔ یہ صحافی لیبیاء، یمن، اردن، تیونس، عراق، مصر، مراقش، فلسطین، لبنان، سوڈان، شام اور الجیریا سے تعلق رکھتے ہیں۔ دورہ کنندہ صحافی حکومت ہند کے مہمان ہوں گے۔ حیدرآباد میں قیام کے دوران یہ صحافی 16جنوری کو راموجی فلم سٹی کا دورہ کریں گے اور 17جنوری کو 11بجے دن روز نامہ’سیاست‘ اور 3:00 بجے سہ پہر ٹاٹا کنسلٹنسی سرویسیس، آر آئی ٹی گچی باؤلی کا دورہ کریں گے۔ شام میں قلعہ گولکنڈہ کا مشاہدہ کریں گے اور 18جنوری کو اپنے اپنے ممالک کو روانہ ہوجائیں گے۔ ان صحافیوں کا قیام ہوٹل ٹریڈنٹ میں ہوگا۔