احتجاجی ہوم گارڈس کیخلاف کارروائی کا انتباہ

غیر حاضر گارڈس کی تفصیلات کا حصول، حکومت تلنگانہ کا نوقف
حیدرآباد30اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر مطالبات کی حمایت میں احتجاج کرنے والے ہوم گارڈس کے خلاف کارروائی کرنے تلنگانہ حکومت تیار ہے ۔ احتجاج میں حصہ لینے والے ہوم گارڈس کو برطرف کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ احتجاج کے موقع پر ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے والے ہوم گارڈس کی تفصیلات حاصل کی گئیں ۔ دیوالی تہوار کے بعد ان کے خلاف کارروائی پر غور کیا جارہا ہے ۔ گاندھی اسپتال ‘ سکریٹریٹ کے قریب احتجاج کرنے والے ہوم گارڈس کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ۔ سکریٹریٹ کے قریب احتجاج کرنے والے ہوم گارڈس میں شہر حیدرآباد کے ٹریفک شعبہ سے وابستہ ہوم گارڈس کی تعداد زیادہ ہے ۔ تقریباً سو ہوم گارڈس احتجاج کے موقع پر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہے ۔ ہوم گارڈس کے احتجاج کو پولیس کے اعلی افسروں نے کافی سنجیدگی سے لیا ہے ۔ بعض ہوم گارڈس کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ احتجاج میں حصہ لینے والے ہوم گارڈس کے خلاف پیر کے بعد معاملہ درج کیا جائے گا ۔ اضلاع سے بھی بعض ہوم گارڈس کے اس احتجاج میں حصہ لینے کی اطلاع ملی ہے جس کے بعد ان ہوم گارڈس کے خلاف بھی نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ پولیس پر حملہ کرنے والے ہوم گارڈس کے خلاف بھی معاملہ درج کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔